Urdu Conclave 2026

A glimpse of the gifts given by PM Modi: وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے دیے گئے تحائف کی جھلک، چار الگ الگ شخصیات کو پیش کیے گئے تحفے ہندوستانی ثقافت، روحانیت اور فنون کا حسین امتزاج

ہر ایک تحفہ اپنے اندر بھارت کی ایک الگ تہذیبی کہانی سمیٹے ہوئے تھا۔ یہ تحائف نہ صرف خیر سگالی کے پیغام رساں بنے بلکہ عالمی سطح پر ہندوستان کے فنون، اقدار اور روحانی ورثے کو عزت و افتخار کے ساتھ پیش کیا۔ یہ تحائف صرف رسمی تبادلے کا حصہ نہیں بلکہ بھارت کی روح، روایت اور فنون کا عالمی تعارف ہیں۔

ارجنٹینا اور ترینیداد و ٹوباگو کے دورے پر وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پیش کیے گئے تحائف نے نہ صرف سفارتی تعلقات کو گہرائی بخشی بلکہ ہندوستان کی ثقافت، روحانیت اور دستکاری کی عظمت کا عالمی تعارف بھی کرایا۔ ان تحائف میں جہاں راجستھانی چاندی کاری، بہاری مدھوبنی مصوری، ایودھیا کے مقدس پانی اور رام مندر کی چاندی کی شبیہ شامل تھیں، وہیں ہر ایک تحفہ اپنے اندر بھارت کی ایک الگ تہذیبی کہانی سمیٹے ہوئے تھا۔ یہ تحائف نہ صرف خیر سگالی کے پیغام رساں بنے بلکہ عالمی سطح پر ہندوستان کے فنون، اقدار اور روحانی ورثے کو عزت و افتخار کے ساتھ پیش کیا۔

ارجنٹینا کے صدر کو تحفہ: فیوچسائٹ پتھر پر نقش شدہ چاندی کا شیر

وزیر اعظم نریندر مودی نے ارجنٹینا کے صدر کو فیوچسائٹ پتھر کے بنیاد پر ہاتھ سے نقش شدہ چاندی کا شیر بطور تحفہ پیش کیا۔ راجستھان کے ماہر کاریگروں کا یہ شاہکار ہندوستانی دھات سازی اور قیمتی پتھروں کی کاریگری کا بے نظیر نمونہ ہے۔ چاندی سے تیار کردہ یہ شیر قیادت اور شجاعت کی علامت ہے، جب کہ فیوچسائٹ کو شفا اور استقلال کا پتھر کہا جاتا ہے۔ بھارت کے معدنیاتی وسائل سے حاصل شدہ چاندی اور فیوچسائٹ سے تیار یہ فن پارہ ملک کی ثقافتی اور قدرتی میراث کا خوبصورت امتزاج پیش کرتا ہے۔

ارجنٹینا کی نائب صدر کو تحفہ: مدھوبنی مصوری میں سورج کی تصویر

نائب صدر کو جو تحفہ پیش کیا گیا وہ بہار کے متھیلا علاقے کی مدھوبنی مصوری پر مبنی ایک شاہکار ہے جس میں سورج کو مرکزی علامت کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ سورج ہندوستانی ثقافت میں توانائی اور زندگی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ یہ مصوری قدرتی رنگوں، جرات مندانہ خطوط، اور بھرپور نقش و نگار کے امتزاج سے تیار کی گئی ہے، جو مدھوبنی فن کا خاصہ ہیں۔ تہواروں کے دوران دیواروں کی زینت بننے والی یہ فنکاری خوشحالی اور منفی اثرات سے بچاؤ کی نیت سے کی جاتی رہی ہے۔ یہ تحفہ صرف سجاوٹی اشیاء میں نہیں بلکہ ہندوستان کی لوک روایت کا رنگین عکس بھی ہے۔

 ترینیداد و ٹوباگو کی وزیراعظم کو تحفہ: دریائے سریو کا مقدس پانی بھرا کلش

وزیر اعظم مودی نے ترینیداد و ٹوباگو کی وزیراعظم کو جو کلش پیش کیا، اس میں دریائے سریو کا مقدس پانی بھرا گیا تھا۔ ایودھیا سے بہنے والا یہ دریا ہندو دھرم میں انتہائی مقدس مانا جاتا ہے اور اسے گناہوں کی معافی، شانتی اور خوشحالی کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ دھات سے بنا ہوا کلش پاکیزگی، روحانی حفاظت اور برکتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس تحفے کے ذریعے ایودھیا اور اس کی دھارمک روایتوں کا رشتہ ترینیداد و ٹوباگو کے لوگوں سے جوڑا گیا ہے، جو بھارتی ورثے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔

 ترینیداد و ٹوباگو کی وزیراعظم کو دوسرا تحفہ: ایودھیا رام مندر کی چاندی کی نقل

ترینیداد و ٹوباگو کی وزیراعظم کو دوسرا تحفہ ایودھیا رام مندر کی خالص چاندی میں بنی نقل کی شکل میں پیش کیا گیا۔ اتر پردیش کے ماہر ہنرمندوں کی بنائی گئی یہ نقل رام مندر کی شاندار طرز تعمیر اور روحانی عظمت کو نہایت نفاست سے پیش کرتی ہے۔ یہ نازک کاریگری کا شاہکار مندر بھگتی، نیکی اور تہذیبی فخر کی علامت ہے۔ عبادت گاہوں، گھروں یا یادگار کے طور پر رکھے جانے کے لیے موزوں، یہ تحفہ ایودھیا کی روحانی وراثت اور بھارت کی مقدس روایتوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ یہ تحائف صرف رسمی تبادلے کا حصہ نہیں بلکہ بھارت کی روح، روایت اور فنون کا عالمی تعارف ہیں۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read