مہاراشٹر میں ادھو ٹھاکرے کی شیو سینا کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔
مہاراشٹر کی سیاست میں ایک بڑا الٹ پھیر دیکھنے کو ملا ہے، جہاں ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیوسینا (یوبی ٹی) کو ناسک میں بڑا جھٹکا لگا ہے۔ پارٹی کے سینئرلیڈر اور سابق وزیر ببن راؤ گھولپ نے بی جے پی کا دامن تھام لیا ہے۔ منگل کے روز ناسک واقع بی جے پی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں ببن راؤ گھولپ نے بی جے پی کی رکنیت حاصل کی۔ اس موقع پر بی جے پی کے ریاستی صدر چندرشیکھر باون کلے، وزیررویندرچوہان اورکابینی وزیرگریش مہاجن موجود رہے۔
ببن راؤ گھولپ کے ساتھ ساتھ ادھو ٹھاکرے کی شیوسینا (یوبی ٹی) کے ایک اور بڑے لیڈر سدھاکر بڈگجر بھی بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ناسک کے سابق میئر اشوک مرتڈک اورنینا گھولپ نے بھی بی جے پی کی رکنیت حاصل کرلی۔ سدھاکر بڈگجرکو کچھ دن پہلے ٹھاکرے گروپ سے نکال دیا گیا تھا، جس کے بعد اب انہوں نے بی جے پی کا پرچم اٹھا لیا ہے۔ بی جے پی میں شامل ہونے سے پہلے سدھاکربڈگجر نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ ان کے کارکنان نے زبردست نعرے بازی کی۔ بڈگجر کے پارٹی میں شامل ہونے کی مقامی بی جے پی لیڈران نے مخالفت بھی کی، لیکن بڈگجر نے اس احتجاج کو درکنار کرتے ہوئے بی جے پی کا دامن تھام لیا۔
سنجے راؤت کے قریبی مانے جاتے تھے سدھاکر بڈگجر
سدھاکربڈگجرکو سنجے راؤت کا قریبی مانا جاتا تھا۔ ان کا سیاسی کیریئر2007 میں شروع ہوا تھا۔ وہ ناسک کارپوریشن میں ایک آزاد کارپوریٹرکے طورپرمنتخب کئے گئے تھے۔ اس وقت بڈگجر نے شیوسینا کی حمایت کی تھی۔ اس کے بد 2008 میں وہ شیوسینا میں شامل ہوگئے تھے۔ 2009 سے 2012 تک وہ ناسک میونسپل کارپوریشن کے لیڈر رہے۔ ساتھ ہی 2012 سے 2015 تک بڈگجرکارپوریشن میں اپوزیشن لیڈر بھی رہے۔ بڈگجر2014 اور 2019 کے اسمبلی الیکشن میں ناسک مغرب اسمبلی حلقہ سے الیکشن ہارگئے تھے۔ اس کے بعد انہیں ڈپٹی لیڈرمقررکیا گیا تھا۔ بڈگجر کئی مجرمانہ معاملوں میں بھی ملزم ہیں۔ اب انہوں نے بی جے پی کا دامن تھام لیا ہے۔
بی جے پی کو مضبوطی، ادھوٹھاکرے کے لئے بڑا جھٹکا
یہ سیاسی تبدیلی آئندہ بلدیاتی الیکشن سے پہلے بی جے پی کے لئے ایک بڑی کامیابی مانی جا رہی ہے۔ وہیں ادھو ٹھاکرے گروپ کے لئے یہ سیاسی طور پر نقصاندہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ناسک اور شمالی مہاراشٹر میں شیوسینا (یوبی ٹی) کی پکڑ کمزور ہونے کا خدشہ ظاہرکیا جا رہا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس سے بی جے پی کو نہ صرف ناسک میونسپل کارپوریشن بلکہ دیہی علاقوں میں بھی مضبوطی مل سکتی ہے۔ وہیں شیوسینا (یوبی ٹی) کے لئے یہ خود احتسابی کا وقت ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


