جامعہ ملیہ اسلامیہ (JMI) کی رہائشی کوچنگ اکیڈمی (RCA) میں کوچنگ اور تربیت حاصل کرنے والے 32 امیدواروں کو UPSC کے سول سروسز امتحان 2024 میں منتخب کیا گیا ہے۔ RCA کے کل 78 طلباء نے انٹرویو میں شرکت کی جن میں سے 32 کو منتخب کر لیا گیا ہے۔ 32 منتخب امیدواروں میں سے 12 خواتین ہیں۔ 32 منتخب امیدواروں میں سے چند کے IAS اور IPS خدمات حاصل کرنے کا امکان ہے اور باقی امیدواروں کو ان کی درجہ بندی اور انتخاب کے مطابق IRS، آڈٹ اور اکاؤنٹ سروس، IRTS اور گروپ-A کی دیگر متعلقہ خدمات کے لیے منتخب کیا جا سکتا ہے۔
الفریڈ تھامس نے حاصل کی بہترین رینک
آر سی اے کے الفریڈ تھامس، جنھوں نے آل انڈیا 33 واں رینک حاصل کیا، اس سال آر سی اے کے سرفہرست طالب علم ہیں۔ ان کے بعد ارم چودھری ہیں جنھوں نے 40 واں رینک حاصل کیا ہے اور روچیکا جھا جن کا رینک 51 ہے۔ جامعہ کے RCA کی اس شاندار کارکردگی سے خوش ہو کر امیدواروں کو جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار مہتاب عالم رضوی نے مبارکباد دی۔

وائس چانسلر نے دی مبارکباد
جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف نے کہا ’’یہ انتہائی فخر اور خوشی کی بات ہے کہ جامعہ کے آر سی اے نے یہ شاندار کارنامہ انجام دیا ہے۔ ان کی کامیابی سے معاشرے کے جغرافیائی، معاشی اور سماجی طور پر پسماندہ طبقوں کے طلبا کو بااختیار بنانے کے ہمارے عزم کو تقویت ملتی ہے۔ ہماری خواتین امیدواروں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور نہ صرف آر سی اے کی تمام لڑکیوں کے لیے رول ماڈل ہیں بلکہ جامعہ میں زیر تعلیم تمام لڑکیوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔‘‘
جامعہ کے رجسٹرار پروفیسر مہتاب عالم رضوی نے کہا ’’UPSC 2024 کے نتائج اس تربیت کی بہترین نوعیت کی عکاسی کرتے ہیں جو JMI کا RCA ملک کے مشکل ترین امتحانات میں سے ایک کی تیاری کے ہر مرحلے پر فراہم کرتا ہے۔ یہ نتائج ہمارے طلباء کی غیر متزلزل لگن اور ہمارے ادارے کی طرف سے فراہم کردہ غیر معمولی رہنمائی کی گواہی دیتے ہیں۔‘‘
اب تک 300 سے زیادہ افسران دے چکا ہے آر سی اے
آر سی اے کی انچارج پروفیسر ثمینہ بانو کی ذاتی رہنمائی نے اس شاندار نتائج کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جنھوں نے ہر امیدوار کے ساتھ فرداً فرداً کام کیا ہے۔ انتظامیہ نے منتخب طلباء کو ان کی غیر معمولی لگن اور استقامت کے لیے سراہا جس کی وجہ سے انھیں حتمی انتخابی فہرست میں جگہ ملی۔ وائس چانسلر اور رجسٹرارنے ان طلباء کی بھی حوصلہ افزائی کی جو فائنل سلیکشن سے محروم رہ گئے اور ان کی انتھک کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اور آئندہ امتحانی دور میں بہتر نتائج حاصل کرنے میں ان کی مدد کے لیے جامع تعاون کا وعدہ کیا۔
واضح رہے کہ آر سی اے 2010 میں UGC کے ذریعہ سینٹر فار کوچنگ اینڈ کیریئر پلاننگ (CC&CP)، JMI کے زیراہتمام ایس سی، ایس ٹی، خواتین اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے طلباء کو سول سروسز اور دیگر مسابقتی امتحانات کے لیے مفت کوچنگ اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ شروتی شرما UPSC سول سروسز امتحان 2021 میں کی ٹاپر نے بھی آر سی اے، جامعہ ملیہ سے ہی تیاری کی تھی۔
2010-11 سے لے کر 2024 تک RCA نے تقریباً 300 سے زیادہ سول سرونٹ تیار کیے ہیں جن میں بہت سے IAS، IFS اور IPS شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 300 سے زیادہ طلباء کو مختلف دیگر مرکزی اور ریاستی خدمات میں بھی منتخب کیا گیا ہے یعنی CAPF، IB، RBI (GradeB)، APF، Bank PO اور PCS وغیرہ۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



