Bharat Express

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے فیکلٹی اراکین، اردواکادمی انعامات کے لئےمنتخب، پروفیسراحمد محفوظ، پروفیسرخالد محمود اور رخشندہ روحی کو ملا بڑا ایوارڈ

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدرشعبہ اردو اورعہد حاضرکے ممتازشاعرپروفیسراحمد محفوظ کواردواکادمی دہلی نے’ایوارڈ برائے تحقیق وتنقید‘، سید عابد حسین سینئرسیکنڈری اسکول کی استاد رخشندہ روحی کو’ایوارڈ برائے تخلیقی نثر‘ اورسابق صدر شعبہ اردوپروفیسرخالد محمود کو’پنڈت برج موہن دتاتریہ کیفی‘ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

جامعہ ملیہ اسلامیہ کے فیکلٹی اراکین پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر خالد محمود اور رخشندہ روحی کو دہلی اردواکادمی نے انعامات کے لئے منتخب کیا ہے۔

نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے لیے یہ امرباعث فخروانبساط ہے کہ صدر، شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ اورعہد حاضرکے ممتازشاعر، ناقد، محقق اورماہرمیریات پروفیسراحمد محفوظ کواردواکادمی دہلی نے’ایوارڈ برائے تحقیق وتنقید‘ برائے سال 24-2023 دینے کا اعلان کیا ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سید عابد حسین سینئرسیکنڈری اسکول کی استاد رخشندہ روحی کو’ایوارڈ برائے تخلیقی نثر‘ کا اعلان کیا گیا ہے۔یہ انعامات دولاکھ روپئے نقد، شال، سنداورمومنٹوپرمشتمل ہے۔

شعبہ اردو،جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سابق صدر، سابق وائس چیئرمین اردواکادمی پروفیسرخالد محمود کو’پنڈت برج موہن دتاتریہ کیفی‘ ایوارڈ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔ یہ ایوارڈ پانچ لاکھ روپئے نقد، سند، شال اورمومنٹوپرمشتمل ہے۔ واضح رہے کہ اردواکادمی، دہلی کے چیئرمین اوردہلی حکومت کے وزیربرائے فن ثقافت والسنہ سوربھ بھاردواج نے اکادمی کی ایوارڈ وکلچرل پروگرام کی سب کمیٹی کی تجاویزاور ایگزیکٹیوکمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے سالانہ انعامات برائے سال 24-2024کی منظوری دی ہے۔

          اردواکادمی، دہلی نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سینئراسکالراورماہرسرسید پروفیسرافتخارعالم خاں کو’کل ہند بہادرشاہ ظفرایوارڈ ‘برائے سال 24-2023 اور’کل ہند ایوارڈ برائے فروغ اردو زبان‘ مشہورنغمہ نگارجاوید اختر(ممبئی ) کودینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ یہ انعامات پانچ لاکھ روپئے نقد، سند، شال اورمومنٹوپرمشتمل ہیں۔ ’ایوارڈ برائے شاعری‘ سلیم شیرازی، ایوارڈ برائے بچوں کا ادب‘ جناب طہٰ نسیم، ایوارڈ برائے ڈراما‘ انیس اعظمی اور’کل ہند ایوارڈ برائے سائنس‘ عابد معز(حیدرآباد) کودینے کا اعلان ہوا ہے۔ یہ انعامات دولاکھ روپئے نقد، شال، سند اورمومنٹوپرمشتمل ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔