Bharat Express

PM Modi On Congress: امت شاہ کے خلاف اپوزیشن کے احتجاج پر پی ایم مودی کا پلٹ وار ،کہا-کانگریس امبیڈکر کی توہین کو چھپا نہیں سکتی

منگل کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے راجیہ سبھا میں آئین پر بحث میں حصہ لیا اور اپوزیشن کو جواب دیا۔ اس دوران انہوں نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر پر ایک بیان دیا۔ امت شاہ نے کہا کہ یہ اب فیشن بن گیا ہے۔ امبیڈکر، امبیڈکر، امبیڈکر…

بی آر امبیڈکر پر وزیر داخلہ امت شاہ کے بیان پر ملک میں سیاست گرم ہے۔ کانگریس سمیت تمام اپوزیشن پارٹیاں بی جے پی سے اس معاملے پر معافی مانگنے کو کہہ رہی ہیں۔ ادھر وزیر اعظم نریندر مودی نے امبیڈکر کے معاملے پر کانگریس کو نشانہ بنایا ہے۔ پی ایم مودی نے کہاکہ کانگریس امبیڈکر کی توہین کو چھپا نہیں سکتی۔ ایک خاندان کی قیادت والی پارٹی نے امبیڈکر کی وراثت کو مٹانے کی کوشش کی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں، پی ایم مودی نے کہا کہ ہندوستان کے لوگوں نے بار بار دیکھا ہے کہ کس طرح ایک خاندان کی قیادت والی پارٹی نے ڈاکٹر امبیڈکر کی وراثت کو مٹانے اور ایس سی/ایس ٹی برادریوں کی تذلیل کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا ہے۔پنڈت نہرو  نے ان کے خلاف انتخابی مہم چلائی اور انہیں بھارت رتن دینے سے انکار کر دیا گیا۔ پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں  اہم  جگہ  دینے سے انکار کیا۔پی ایم مودی نے کہاکہ پارلیمنٹ میں، وزیر داخلہ امت شاہ نے ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین کرنے اور ایس سی/ایس ٹی کمیونٹیز کو نظر انداز کرنے کی کانگریس کی سیاہ تاریخ کو بے نقاب کیاہے، انہوں  نے جو حقائق پیش کیے اس نے کانگریس کو خوفزدہ کر دیا اور اس لیے اب وہ یہ کام کر رہی ہے۔

امت شاہ کے کس بیان نے ہنگامہ برپا کیا؟

پارلیمنٹ میں سرمائی اجلاس جاری ہے۔ منگل کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے راجیہ سبھا میں آئین پر بحث میں حصہ لیا اور اپوزیشن کو جواب دیا۔ اس دوران انہوں نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر پر ایک بیان دیا۔ امت شاہ نے کہا کہ یہ اب فیشن بن گیا ہے۔ امبیڈکر، امبیڈکر، امبیڈکر… اگر آپ بھگوان  کا اتنا نام لیتے تو آپ کو 7 جنموں کے لیے جنت مل جاتی۔ یہ ایک اچھی بات ہے۔ امبیڈکر کا نام لیتے ہوئے ہم خوشی محسوس کرتے ہیں۔ اب امبیڈکر کا نام 100 گنا زیادہ لیں۔ لیکن امبیڈکر جی کے تئیں آپ کا کیا احساس ہے؟ یہ میں بتانا چاہتا ہوں۔ امبیڈکر جی کو ملک کی پہلی کابینہ سے استعفیٰ کیوں دینا پڑا؟ امبیڈکر جی نے کئی بار کہا کہ میں درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے ساتھ کیے جانے والے سلوک سے غیر مطمئن ہوں۔ میں حکومت کی خارجہ پالیسی سے متفق نہیں ہوں۔ میں آرٹیکل 370 سے متفق نہیں ہوں۔ اسی لیے انہیں کابینہ چھوڑنی پڑی۔

بھارت ایکسپریس۔