Bharat Express

Devendra Fadnavis-RSS Meeting: مہاراشٹر اسمبلی الیکشن سے پہلے آرایس ایس اور دیویندر فڑنویس کے درمیان میٹنگ، کیا ہے اشارہ؟

راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آرایس ایس) نے بی جے پی کو مشورہ دیا ہے کہ اپوزیشن کے فرضی نیریٹیو کو ختم کرنے کی سمت میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی گزشتہ تجربات کو دھیان میں رکھا جانا چاہئے۔

دیویندر فڑنویس

Maharashtra Assembly Elections 2024: مہاراشٹر اسمبلی الیکشن سے پہلے راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ (آرایس ایس) اور نائب وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کے درمیان اہم میٹنگ ہوئی۔ فڑنویس کے علاوہ میٹنگ میں بی جے پی کے مقامی لیڈران بھی موجود  رہے۔ ناگپور میں جمعہ کی شام کو آرایس ایس کی کوآرڈینیشن میٹنگ ہوئی۔ آرایس ایس کی طرف سے ارون کمار موجود تھے۔ یہ میٹنگ تقریباً 3 گھنٹے تک چلی۔

آرایس ایس کے ودربھ صوبے کی رابطہ میٹنگ ناگپورمیں ہوئی، جس میں سنگھ کی جانب سے آر ایس ایس کے معاون کارگزار ارون کمار موجود تھے۔ دیویندر فڑنویس اس میٹنگ میں شرکت کے لئے ستارا سے ناگپور پہنچے۔ میٹنگ میں ودربھ کی آرایس ایس کی تمام الحاق شدہ تنظیموں کے عہدیدارموجود تھے، یہ میٹنگ شام 7:30 بجے شروع ہوئی اورتقریباً 10:30 بجے ختم ہوئی۔ اس میٹنگ میں دیگرموضوعات کے ساتھ ساتھ مہاراشٹرکے انتخابات کے حوالے سے بھی گہرائی سے بات چیت ہوئی۔

اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کی مدد کرے گی آرایس ایس؟

موصولہ اطلاعات کے مطابق، آرایس ایس کے سبھی 36 ذیلی تنظیمیں اس میٹنگ میں شامل ہوئیں۔ لوک سبھا الیکشن میں ہارکے بعد بی جے پی کس طریقے سے مہاراشٹراسمبلی الیکشن میں پھرسے اقتدارمیں آئے، اس پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ آرایس ایس اوراس کی اتحادی تنظیمیں اسمبلی الیکشن میں کس طرح بی جے پی کی زمین مضبوط کریں، اس پرزوردیا گیا۔ آرایس ایس نے بھروسہ دلایا کہ وہ اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کومدد کرے گی۔

آرایس ایس نے بی جے پی کو دیا یہ مشورہ

دوسری جانب، آرایس ایس عہدیداران نے بی جے پی کے لیڈران کو مشورہ دیا کہ الیکشن نظریات کو جیتنے کے مقصد سے لڑا جاتا ہے۔ کسی کو وزیریا رکن اسمبلی بنانے کے لئے الیکشن نہیں جیتا جاتا ہے۔ گزشتہ 10 سالوں کی کارکردگی کا مستقبل پراثرپڑتا ہے۔ لوک سبھا الیکشن میں کیا ہوا، اس پرغوروخوض ضروری ہے۔ لوگوں کے دل میں اپوزیشن کے ذریعہ رچے گئے فرضی نیریٹیوکوختم کرنے کے لئے منصوبہ بنانے کی ضرورت ہے۔ بی جے پی کو گزشتہ تجربے کو دھیان میں رکھتے ہوئے اس بات پر غورکرنا چاہئے کہ آئندہ الیکشن میں کارکنان عوام کے درمیان کیسے جاسکیں۔ سنگھ پریوارکی سبھی تنظیموں سے تال میل بنانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

  بھارت ایکسپریس