Bharat Express

AIMIM on Swami Prasad Maurya Statement: سوامی پرساد موریہ کے بیان سے اویسی کی اے آئی ایم آئی ایم شدید برہم، رام بھکتوں سے متعلق کیا یہ بڑا دعویٰ

سماجوادی پارٹی کے لیڈر اور سابق وزیر کے ذریعہ رام چرت مانس پر دیئے گئے بیان سے متعلق آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ترجمان محمد فرحان نے الزام لگایا کہ اکھلیش یادو نے سوامی پرساد موریہ سے جان بوجھ کر یہ بیان دلوایا ہے۔

اسدالدین اویسی۔ (فائل فوٹو: اے این آئی)

AIMIM on Swami Prasad Maurya Statement: یوپی حکومت کے سابق وزیراورسماجوادی پارٹی کے ایم ایل سی سوامی پرساد موریہ کے رام چرت مانس پر دیئے گئے متنازعہ بیان کے بعد ہنگامہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ان کے اس بیان سے متعلق کئی لیڈر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو پر تنقید کر رہے ہیں۔ اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) نے بھی سوامی پرساد موریہ سمیت سابق وزیراعلیٰ اکھلیش یادو پر بھی تنقید کی ہے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے ترجمان محمد فرحان نے اس معاملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ سوامی پرساد موریہ کے اس بیان سے کروڑوں رام بھکتوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔

اے آئی ایم آئی ایم ترجمان کا اکھلیش یادو پر بھی نشانہ

اے آئی ایم آئی ایم  ترجمان محمد فرحان نے کہا کہ اس بیان سے متعلق سوامی پرساد موریہ کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔ اس معاملے میں اکھلیش یادو کی خاموشی یہ ثابت کرتی ہے کہ یہ سوامی پرساد موریہ کا نہیں بلکہ خود اکھلیش یادو اور ان کی سماجوادی پارٹی کا بیان ہے۔ اکھلیش یادو اگر متفق نہیں ہیں تو انہیں سامنے آکر معافی مانگنی چاہئے اور سوامی پرساد موریہ کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔ اس کے ساتھ ہی سوامی پرساد موریہ کو پارٹی سے باہر کا راستہ دکھایا جانا چاہئے۔ وہیں اے آئی ایم آئی ایم ترجمان محمد فرحان نے الزام لگایا کہ اکھلیش یادو نے سوامی پرساد موریہ سے جان بوجھ کر یہ بیان دلوایا ہے۔

سوامی پرساد موریہ کے بیان سے مسلم طبقہ بھی ناراض

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ترجمان محمد فرحان نے کہا کہ ایسے بیان سے لوگوں کے جذبات مجروح کرکے وہ ووٹوں کی تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ سوامی پرساد موریہ کے اس بیان سے ملک کا ماحول خراب ہوسکتا ہے، انہیں فوراً معافی مانگنی چاہئے۔ اے آئی ایم آئی ایم ترجمان نے کہا کہ مذہب اسلام کو ماننے والے لوگ جتنا احترام قرآن کا کرتے ہیں، اتنا ہی دوسرے مذاہب کی مذہبی کتابوں کا بھی کرتے ہیں۔ سوامی پرساد موریہ کے اس بیان سے مسلم طبقے کے لوگ بھی مایوس اور ناراض ہیں۔

 -بھارت ایکسپریس