Bharat Express DD Free Dish

وزیر اعظم نریندر مودی دہلی میں ملک کی پہلی ’رِنگ میٹرو‘ کا کریں گے افتتاح

وزیر اعلیٰ گپتا کے مطابق ان میٹرو منصوبوں کی مجموعی لاگت 18,300 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ ان منصوبوں سے دہلی میں پبلک ٹرانسپورٹ نظام مزید مضبوط ہوگا اور شہریوں کے سفر کو زیادہ آسان بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیر اعظم نریندر مودی۔

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کے روز قومی دارالحکومت دہلی میں دہلی میٹرو کے دو نئے کوریڈور کا افتتاح کریں گے اور 18,300 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بتایا کہ دہلی میٹرو کے دو نئے کوریڈور، مجلِس پارک سے موجپور-بابرپور (پنک لائن) اور دیپالی چوک سے مجلِس پارک (میجنٹا لائن) کا افتتاح کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم دہلی میٹرو فیز-5 (اے) کے تحت تین نئے کوریڈور کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

18,300 کروڑ روپے کے منصوبے
وزیر اعلیٰ گپتا کے مطابق ان میٹرو منصوبوں کی مجموعی لاگت 18,300 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ ان منصوبوں سے دہلی میں پبلک ٹرانسپورٹ نظام مزید مضبوط ہوگا اور شہریوں کے سفر کو زیادہ آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے دارالحکومت کو حقیقی معنوں میں ’وکست دہلی‘ بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ میٹرو نیٹ ورک کے پھیلاؤ سے عوامی نقل و حمل بہتر ہوگی، روزمرہ سفر آسان ہوگا، سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد کم ہوگی اور آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

تقریب کا مقام اور پنک لائن کی توسیع
یہ پروگرام ڈی ڈی اے اتسو استھل-3 (نرنکاری منڈل کے سامنے) میں منعقد ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مجلِس پارک سے موجپور-بابرپور میٹرو سیکشن 12.3 کلومیٹر طویل ہے اور اس میں آٹھ ایلیویٹڈ اسٹیشن شامل ہیں۔ یہ کوریڈور پہلے سے چل رہی مجلِس پارک-شیو وہار پنک لائن کا حصہ ہے۔

دہلی میں پہلی مکمل رِنگ میٹرو
اس نئے سیکشن کے شامل ہونے کے بعد پنک لائن کی مجموعی لمبائی تقریباً 71.56 کلومیٹر ہو جائے گی، جس کے ساتھ دہلی ملک کی پہلی مکمل طور پر ایکٹیو رِنگ میٹرو کا حامل شہر بن جائے گا۔ وزیر اعظم دہلی میٹرو فیز-5 (اے) کے تحت تین نئے کوریڈور کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے، جس سے قومی دارالحکومت کے رہائشیوں کے لیے سفر مزید آسان ہو جائے گا۔

سینٹرل وسٹا کوریڈور
رام کرشن آشرم مارگ سے اندرپرستھ تک سینٹرل وسٹا کوریڈور تقریباً 9.913 کلومیٹر طویل ہوگا اور مکمل طور پر زیر زمین تعمیر کیا جائے گا۔ اس میں نو نئے میٹرو اسٹیشن شامل ہوں گے، جن میں آر کے آشرم مارگ، شیواجی اسٹیڈیم، یوگے-یوگین بھارت، سینٹرل سیکریٹریٹ، کرتویہ بھون، انڈیا گیٹ، وار میموریل-ہائی کورٹ، بڑودا ہاؤس، بھارت منڈپم اور اندرپرستھ شامل ہیں۔ یہ کوریڈور کئی اہم مقامات کو میٹرو سے جوڑے گا۔

تغلق آباد سے کالندی کنج کوریڈور
ایروسٹی سے اندرا گاندھی ایئرپورٹ ٹرمینل-1 تک گولڈن لائن ایکسٹینشن تقریباً 2.263 کلومیٹر طویل ہوگی اور زیر زمین تعمیر کی جائے گی۔ اس میں ایک نیا اسٹیشن شامل ہوگا جو موجودہ دو اسٹیشنوں کو آپس میں جوڑے گا۔ تغلق آباد سے کالندی کنج تک گولڈن لائن ایکسٹینشن 3.9 کلومیٹر طویل ایلیویٹڈ کوریڈور ہوگا۔ اس راستے پر سریتا وہار ڈپو، مدن پور خادر اور کالندی کنج جیسے اسٹیشن شامل ہوں گے۔

این سی آر کے شہروں کو بھی فائدہ
وزیر اعلیٰ کے مطابق ان منصوبوں سے نیشنل کیپیٹل ریجن کے شہروں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ فرید آباد اور بلبھ گڑھ کے مسافر وائلٹ لائن کے ذریعے تغلق آباد پہنچ سکیں گے اور پھر گولڈن لائن کے ذریعے سیدھے اندرا گاندھی ایئرپورٹ ٹرمینل-1 جا سکیں گے۔اسی طرح نوئیڈا کے مسافر میجنٹا لائن کے ذریعے کالندی کنج پہنچ کر گولڈن لائن کے ذریعے ایئرپورٹ اور جنوبی دہلی کے مختلف علاقوں تک آسانی سے سفر کر سکیں گے۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read