نئی دہلی: بھارت اور ملیشیا کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی تیاری مکمل ہو چکی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کے روز دو روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا روانہ ہو گئے ہیں۔ روانگی سے قبل جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم مودی نے واضح کیا کہ بھارت ملیشیا کے ساتھ دفاع، سلامتی، معیشت اور اختراع جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت اور ملائیشیا کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات رہے ہیں، جن میں گزشتہ چند برسوں کے دوران مسلسل مضبوطی آئی ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ملیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے ساتھ ہونے والی تفصیلی بات چیت دونوں ممالک کی شراکت داری کو ایک نئی سمت دے گی۔ ان کے مطابق، اس دورے کے دوران جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
Prime Minister Narendra Modi has departed for Kuala Lumpur on an Official Visit to Malaysia. India and Malaysia share a Comprehensive Strategic Partnership rooted in deep historical and cultural ties. The visit features a rich agenda and will give a major boost to the special… pic.twitter.com/5nrdXAgYOf
— IANS (@ians_india) February 7, 2026
وزیراعظم مودی کے بیان کے مطابق، بات چیت میں دفاع اور سلامتی کے تعاون کے ساتھ ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور انوویشن جیسے شعبوں کو نئی رفتار دینے پر غور ہوگا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک مستقبل کے لیے نئے شعبوں میں تعاون کے امکانات بھی تلاش کریں گے تاکہ دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے۔ ملیشیا روانگی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کا ایک ویڈیو بھی سامنے آیا ہے، جس میں وہ حسبِ معمول سفید کُرتے میں ملبوس نظر آ رہے ہیں اور ان کے دائیں کندھے پر شال رکھی ہوئی ہے۔ روانگی سے قبل انہوں نے متعلقہ حکام سے ملاقات بھی کی۔
دوسری جانب، ملیشیا میں وزیر اعظم مودی کے استقبال کو لے کر بھارتی برادری میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ کوالالمپور میں ان کے اعزاز میں ایک بڑے کمیونٹی پروگرام کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جس کا نام ‘ویلکم مودی جی’ رکھا گیا ہے۔ اس پروگرام کی خاص بات یہ ہوگی کہ 750 سے زائد فنکار ایک ساتھ اسٹیج پر آ کر اجتماعی رقص پیش کریں گے۔ منتظمین کے مطابق، یہ شاندار ثقافتی پروگرام ملیشیین بُک آف ریکارڈز میں درج ہو سکتا ہے۔ اس کے لیے باضابطہ درخواست پہلے ہی دی جا چکی ہے اور ریکارڈز کی ٹیم پروگرام کے دوران موقع پر موجود رہے گی۔ اس تقریب کو بھارت اور ملیشیا کے عوامی روابط کی مضبوط علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


