بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی نائب کپتان اسمرتی مندھانا نے اتوار کو ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی موسیقار پلاش مُچّھل سے ہونے والی شادی اب پوری طرح منسوخ ہو چکی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے سوشل میڈیا پر ان کی نجی زندگی سے متعلق چل رہی باتوں کے درمیان مندھانا نے خود آگے آکر اس معاملے کو عوامی طور پر واضح کیا۔
اسمرتی مَندھانا کا سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا پوسٹ
انسٹاگرام پر جاری بیان میں اسمریتی مَندھانا نے صاف کہا کہ وہ ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو بحث و مباحثے سے دور رکھتی ہیں، لیکن پھیلی افواہوں نے انہیں سامنے آکر بات کرنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے لکھا: ’’گزشتہ چند ہفتوں میں میری زندگی سے متعلق بہت سی باتیں سامنے آئیں۔ میں ہمیشہ اپنی پرائیویسی کو اہمیت دیتی ہوں، مگر اب مجھے واضح کرنا ضروری لگ رہا ہے کہ شادی منسوخ کر دی گئی ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ یہ معاملہ یہیں ختم ہو جائے اور آپ سب بھی اسے یہیں چھوڑ دیں۔ دونوں خاندانوں کو کچھ وقت اور سکون دیں تاکہ ہم اپنے حساب سے آگے بڑھ سکیں۔‘‘ ان کی پوسٹ سے صاف ظاہر ہوا کہ مسلسل چل رہی چہ مگوئیوں نے انہیں کافی پریشان کیا ہے۔ مَندھانا نے آگے لکھا کہ ان کی ترجیح ہمیشہ کرکٹ رہی ہے اور آگے بھی وہی رہے گی۔ ’’میں مانتی ہوں کہ ہر کسی کی زندگی میں ایک بڑا مقصد ہوتا ہے۔ میرے لیے وہ ہمیشہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ جتنا ممکن ہو بھارت کے لیے کھیلتی رہوں اور ٹیم کے لیے ٹرافیاں جیتوں۔ اب بس آگے بڑھنے کا وقت ہے۔‘‘

پلاش مُچّھل کا بھی بیان سامنے آیا
پلاش مُچّھل نے بھی اسمرتی مَندھانا کے ساتھ شادی ٹوٹنے پر انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ایک جذباتی بیان جاری کیا۔ انہوں نے لکھا: ’’میں نے اپنی زندگی میں آگے بڑھنے اور اپنے نجی رشتوں سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میرے لیے یہ دیکھنا بہت مشکل رہا ہے کہ لوگ میرے لیے سب سے شفاف چیزوں کے بارے میں بے بنیاد افواہوں پر اتنی آسانی سے ردِعمل دیتے ہیں۔ یہ میری زندگی کا سب سے کٹھن وقت ہے اور میں اپنے یقین پر قائم رہتے ہوئے اس کا سامنا کروں گا۔‘‘
پلاش نے آگے لکھا: ’’میں واقعی امید کرتا ہوں کہ ہم، ایک معاشرے کے طور پر، کسی کے بارے میں بغیر تصدیق شدہ افواہوں کی بنیاد پر رائے قائم کرنے سے پہلے رکنا سیکھیں گے، جن کے ذرائع کبھی سامنے نہیں آتے۔ ہمارے الفاظ ایسے زخم دے سکتے ہیں جنہیں ہم کبھی سمجھ بھی نہیں پاتے۔ جب ہم ان باتوں پر غور کرتے ہیں، تو دنیا میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو ان کے سنگین نتائج بھگت رہے ہوتے ہیں۔”ساتھ ہی پلاش نے سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانے والوں کو سخت تنبیہ بھی کی۔ انہوں نے لکھا: ’’میری ٹیم جھوٹی اور توہین آمیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔ اس مشکل وقت میں میرا ساتھ دینے والے سب لوگوں کا شکریہ۔‘‘
شادی سے پہلے حالات بدل گئے
اسمرتی اور پلاش کی شادی کی تیاریاں کئی دنوں سے خبروں میں تھیں۔ سانگلی میں ہونے والی شادی سے پہلے ہلدی اور مہندی جیسے پروگرام بھی منعقد ہوئے تھے۔ لیکن اچانک مَندھانا کے والد کی طبیعت بگڑ گئی اور 23 نومبر کو ہونے والی شادی کچھ وقت کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ اس کے بعد حالات مزید الجھتے چلے گئے۔ سوشل میڈیا پر مَندھانا نے اپنی شادی سے متعلق تمام پوسٹس ڈیلیٹ کر دیں۔ اسی دوران انہوں نے ویمنز بِگ بیش لیگ سے بھی اپنا نام واپس لے لیا۔ ان کی قریبی دوست اور ٹیم انڈیا کی ساتھی کھلاڑی جیمِما روڈریگز نے بھی لیگ سے کنارہ کشی اختیار کی، تاکہ وہ اس مشکل وقت میں اسمرتی کے ساتھ رہ سکیں۔ ان واقعات کے بعد قیاس آرائیاں مزید بڑھ گئیں، جن پر اب مَندھانا نے خاموشی توڑ کر روک لگانے کی کوشش کی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔




