Bharat Express

Under19 World Cup: سرفراز کے چھوٹے بھائی مشیر نے لگائی سنچری، ہندوستان نے آئر لینڈ کو بڑے فرق سے روندا

دو میچوں میں دو جیت سے ہندوستان گروپ اے میں چار پوائنٹ کے ساتھ ٹاپ پر ہے اوراس کا اگلے مرحلے میں جگہ بنانا تقریباً طے ہے۔

مشیرخان کی سنچری کے بعد نمن تیواری اورسوامی پانڈے کی خطرناک گیندبازی سے ہندوستان نے انڈر-19 ورلڈ کپ کے گروپ اے میچ میں جمعرات کو یہاں آئرلینڈ کو 201 رنوں سے روند کرمسلسل دوسری جیت درج کی۔ ہندوستان کے 302 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئرلینڈ کی ٹیم بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نمن تیواری (53 رنوں پر 4 وکٹ) اور بائیں ہاتھ کے اسپنر سوامی پانڈے (21 رنوں پر تین وکٹ) کی عمدہ گیند بازی کے سامنے 29.3 اوور میں صرف 100 رنوں پرڈھیرہوگئی۔

آئرلینڈ کی طرف سے 10ویں نمبرپر بلے بازی کرنے ڈینیل فورکن نے سب سے زیادہ ناٹ آوٹ 27 رن بنائے۔ ٹیم نے 45 رنوں تک ہی 8 وکٹ گنوا دیئے تھے اور اس کی شکست کا فرق مزید بڑا ہوسکتا تھا، لیکن فورکن نے اولویرریلی کے ساتھ 9 ویں وکٹ کے لئے 39 اور لٹون (07) کے ساتھ آخری وکٹ کے لئے 16 رن جوڑکر ٹیم کا اسکورتین ہندسوں تک پہنچایا۔

ڈینیل فورکن اوراولویرریلی کے علاوہ دونوں سلامی بلے باز جورڈن نیل (11) اور ریان ہنٹر (13) ہی ڈبل ہندسوں تک پہنچ پائے۔ اس سے پہلے ہندوستان نے مشیرخان کے 118 رن اورکپتان ادے سہاران (84 گیندوں میں 75 رن) کے ساتھ ان کی 156 رنوں کی شراکت سے 7 وکٹ پر 301 رن بنائے۔ ہندوستان نے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو 84 رنوں سے ہرایا تھا۔

بھارت ایکسپریس۔