آئی پی ایل 2023 کا خطاب جیتنے والی چنئی سپرکنگس اور دیگر ٹیموں پر انعامات کی بارش ہوئی۔
مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں چنئی سپرکنگس نے پانچویں بارآئی پی ایل کا خطاب جیتا۔ احمدآباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ فائنل مقابلے میں چنئی سپرکنگس نے دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنس کو آخری گیند پر ہرادیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی چنئی سپرکنگس نے ممبئی انڈینس کے سب سے زیادہ 5 خطاب جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کرلی۔ آئی پی ایل 2023 کے فائنل میں چنئی سپرکنگس کو ڈکورتھ لوئس ضابطے کے تحت 15 اووروں میں جیت کے لئے 171 رنوں کا ہدف ملا تھا، جسے اس نے آخری گیند پرحاصل کرلیا۔
چنئی سپرکنگس کو صرف چمچماتی ٹرافی ہی نہیں، بلکہ ٹیم کو فاتح کے طور پر 20 کروڑ روپئے پرائزمنی ملے۔ جبکہ رنراپ گجرات ٹائٹنس کو انعام کے طور پر 12.5 کروڑ روپئے ملے۔ اس کے علاوہ تیسرے مقام پر رہی ممبئی انڈینس پر بھی خوب بارش ہوئی۔ ممبئی انڈینس کو انعام کے طور پر 7 کروڑ روپئے ملے۔ وہیں چوتھے مقام پر رہی لکھنؤ سپرجائنٹس کو 6.5 کروڑ روپئے رقم بطور انعام ملے۔
آئی پی ایل کے پہلے سیزن میں فاتح کو 4.8 کروڑ روپئے ملے تھے۔ وہیں رنراپ کی جھولی میں 2.4 کروڑ روپئے آئے تھے۔ اس کے بعد سے پرائزمنی میں کئی گنا کا اضافہ ہوا ہے۔ حالانکہ گزشتہ کچھ سالوں سے پرائزمنی میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ لیکن اگلے سال اس میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
آئی پی ایل 2023 کا خطاب جیتنے والی چنئی سپرکنگس اور رنراپ گجرات ٹائٹنس پرہی نہیں پیسوں کی بارش ہوئی۔ پرپل کیپ، اورینج کیپ جیتنے والوں کے علاوہ سیزن کے ایمرجنگ پلیئر سب سے زیادہ چھکے لگانے والے پر بھی پیسوں کی بارش ہوئی۔