مغربی سنگھ بھوم: جھارکھنڈ کے مغربی سنگھ بھوم ضلع میں ایک بے قابو جنگلی دنتیل ہاتھی نے دہشت پھیلا رکھی ہے۔ دیر رات نووامنڈی اور ہاٹگمہریا علاقوں میں اس ہاتھی نے مختلف حملوں میں چھ افراد کی جان لے لی۔ ان ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے چار افراد شامل ہیں۔ اس واقعے کے بعد پورے ضلع میں کہرام مچ گیا ہے اور مقامی لوگوں میں شدید خوف کا ماحول ہے۔ چائباسا کے ڈویژنل فاریسٹ آفیسر آدتیہ نارائن نے ان واقعات کی تصدیق کی ہے۔
ہاتھی کے حملوں میں نو سے زیادہ افراد ہلاک
یہ ہاتھی اپنے جھنڈ سے بچھڑ گیا ہے اور گزشتہ کئی دنوں سے پرتشدد ہو کر گاؤں میں داخل ہو رہا ہے۔ سال 2026 کے آغاز سے ہی اس ہاتھی کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک ضلع میں ہاتھی کے حملوں میں نو سے زیادہ افراد جان گنوا چکے ہیں۔ منگل کی رات کا حملہ سب سے زیادہ خوفناک ثابت ہوا، جب نووامنڈی علاقے میں ہاتھی نے گھروں میں سو رہے لوگوں پر اچانک دھاوا بول دیا۔ ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت چھ لوگ مارے گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ ہاٹگمہریا میں بھی اسی طرح کے حملے ہوئے، جہاں لوگوں کو گھروں سے گھسیٹ کر مار دیا۔
اندھیرے میں لوگوں پر حملہ کر رہا ہے ہاتھی
لوگوں کا کہنا ہے کہ ہاتھی دن بھر جنگل میں چھپا رہتا ہے اور رات ہوتے ہی گاؤں کی طرف نکل آتا ہے۔ اندھیرے میں یہ سوئے ہوئے لوگوں پر حملہ کر رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق جھنڈ سے الگ ہو جانے یا ہارمونل تبدیلیوں کی وجہ سے نر ہاتھی انتہائی جارحانہ ہو جاتا ہے۔ اس علاقے میں سارنڈا اور کولہان کے گھنے جنگلات سے اکثر ہاتھی نکلتے رہتے ہیں، لیکن اس بار کے حملے غیر معمولی طور پر خطرناک ثابت ہو رہے ہیں۔
پوری رات ہاتھی کو ٹریک کرنے میں لگی ٹیم
محکمہ جنگلات کی ٹیم پوری رات ہاتھی کو ٹریک کرنے میں مصروف رہی۔ مغربی بنگال سے آئی خصوصی ٹیم بھی جنگلوں میں تلاش کر رہی ہے۔ تھرمل سینسر والے ڈرونز کی مدد بھی لی جا رہی ہے، لیکن اب تک ہاتھی کو قابو میں کرنے میں کامیابی نہیں ملی۔ گاؤں والے خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور رات کے وقت گھروں میں بھی خوف زدہ ہیں۔ کئی گاؤں میں لوگ جاگ کر رات گزارنے پر مجبور ہیں۔ انتظامیہ نے لوگوں کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔
ہاتھی کو پرسکون کرنے کا منصوبہ ہوا تیار
اب محکمہ جنگلات نے ہاتھی کو پرسکون کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ بے قابو ہاتھی کو ٹرانکولائز کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ دنیا کے بڑے جانوروں کے تحفظ کے مراکز میں شمار ہونے والے ونتارا کی ٹیم سے بھی مدد مانگی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بدھ سے یہ آپریشن شروع ہو سکتا ہے۔ ہاتھی کو دوا دے کر بے ہوش کیا جائے گا تاکہ اسے محفوظ مقام پر منتقل کیا جا سکے۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


