اتر پردیش میں مطلوب ملزم کی حراست میں موت
پرتاپ گڑھ: پرتاپ گڑھ ضلع کے سنگی پور علاقے میں پولیس نے منشیات کی اسمگلنگ کیس میں مطلوب ایک ملزم کی حراست میں موت کے سلسلے میں دو نامعلوم خاتون کانسٹیبلوں کے خلاف قتل کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (مغربی) سنجے رائے نے منگل کے روز بتایا کہ لکھنؤ کے گومتی نگر تھانے میں درج ایک کیس میں مطلوب لکھہرا گاؤں کے رہنے والے اجے سنگھ کو اتوار کی شام پولیس اسپیشل ٹاسک فورس کی ایک ٹیم اس کے گھر سے حراست میں لیکر جا رہی تھی۔
ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا
انہوں نے بتایا کہ راستے میں اچانک طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے اجے کو لال گنج کے مقامی اسپتال لے جایا گیا، وہاں سے اسے میڈیکل کالج بھیجا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ افسر نے بتایا کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا گیا ہے۔
دو نامعلوم خاتون کانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج
رائے نے کہا کہ مہلوک کی بیٹی جانوی کی شکایت پر پولیس نے دو نامعلوم خاتون کانسٹیبل اور دیگر کے خلاف قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ پولیس والوں نے اسے بری طرح مارا جس کے بعد اجے سنگھ کی موت ہوگئی۔
لکھنؤ کے گومتی نگر تھانے میں مقدمہ درج
ایس ٹی ایف جس این ڈی پی ایس کیس میں اجے سنگھ کو گرفتار کرنے آئی تھی وہ لکھنؤ سے متعلق معاملہ تھا۔ پولیس کے مطابق اجے سنگھ کے خلاف لکھنؤ کے گومتی نگر تھانے میں منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں جرم نمبر 78/24 درج کیا گیا ہے۔ اسی کیس کے سلسلے میں مطلوب اجے کو ایس ٹی ایف کی ٹیم نے حراست میں لیا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کی سی ڈی آر اور کال ریکارڈنگ بھی موجود ہے۔ اس میں اس کے منشیات کے حوالے سے لوگوں سے بات کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: گرل فرینڈ نے نہیں پکائے انڈے، تو بوائے فرینڈ نےلیو ان پاٹنرکو ہتھوڑے سے دی دردناک موت
گاؤں میں مچا کہرام
اجے سنگھ کی موت کی اطلاع ملنے پر جب بیوی چندر سنگھ اپنی بیٹیوں ادیتی سنگھ، مانسی سنگھ اور گیتانجلی سنگھ کے ساتھ پیر کی دوپہر گاؤں پہنچی تو وہاں کہرام مچ گیا۔
بھارت ایکسپریس۔