چور بینک سے چوری کرنے میں ہوا ناکام
کریم نگر (تلنگانہ): بینکوں میں چوری کوئی نئی بات نہیں ہے، کبھی چوری کامیاب ہوتی ہے تو کبھی ناکام بھی۔ تاہم ایسا واقعہ آپ نے کم ہی سنا ہوگا جس میں چور نے ناکامی کے بعد بینک کے لیے پیغام چھوڑا ہو۔ ایسا ہی واقعہ تلنگانہ کے منچیریال ضلع میں پیش آیا ہے جہاں ایک بینک برانچ کو لوٹنے میں ناکام ہونے والے چور نے حفاظتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے ایک پیغام چھوڑا اور اسے تلاش نہ کرنے کی اپیل بھی کی۔ پولس نے ہفتہ کے روز اس کی اطلاع دی۔ پولیس نے بتایا کہ ایک نقاب پوش چور جمعرات کے روز مین دروازے کا تالا توڑ کر نینل منڈل ہیڈکوارٹر میں واقع سرکاری دیہی بینک کی شاخ میں داخل ہو گیا۔
چور نے کیشئر اور کلرک کے کیبن کی لی تلاشی
انہوں نے بتایا کہ چور نے کیشئر اور کلرک کے کیبن کی تلاشی لی لیکن کوئی کرنسی یا قیمتی سامان نہیں ملا۔ وہ بینک کا لاکر کھولنے میں ناکام رہا۔ پھر اس نے ایک اخبار لیا اور اس پر مارکر پین سے تیلگو میں لکھا، ”مجھے ایک روپیہ بھی نہیں مل سکا… اس لیے مجھے مت پکڑنا۔ میرے فنگر پرنٹس وہاں نہیں ہوں گے۔ یہ ایک اچھا بینک ہے۔” انہوں نے کہا کہ بینک ایک رہائشی عمارت میں چل رہا ہے اور وہاں کوئی سیکورٹی گارڈ نہیں ہے۔
سی سی ٹی وی میں قید ہوئی چور کی حرکت
بینک حکام اور پولیس نے تصدیق کی کہ لاکرز برقرار ہیں۔ یہاں بینک میں چور کا داخلہ اور بینک کے اندر اس کی حرکتیں سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئیں۔ سی سی ٹی وی میں نظر آ رہا ہے کہ چور دیوار توڑ کر بینک میں داخل ہوا۔ وہ بینک کے اندر موجود لاکر کو توڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ کیبن میں داخل ہونے کے لیے تالے توڑتا ہے لیکن اسے کچھ نہیں ملتا۔
بینک حکام نے پولیس اسٹیشن میں درج کرائی شکایت
جمعہ کے روز چوری کی کوشش کو دیکھنے کے بعد بینک حکام نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور اس کی بنیاد پر تعزیرات ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ چور کو پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جارہی ہے۔
بھارت ایکسپریس۔