مغربی بنگال میں نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری
کولکتہ: آر جی کر اسپتال کی ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کا معاملہ ابھی ٹھنڈا بھی نہیں ہوا کہ مغربی بنگال میں ایک بار دردناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ریاست کے جنوبی 24 پرگنہ کے کلتلی تھانے کے تحت کرپاکھلی علاقے میں ایک نابالغ کے ساتھ اجتماعی عصمت دری اور قتل کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس معاملے میں گاؤں والوں نے پولیس پر شکایت درج نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے تھانے میں توڑ پھوڑ کی اور آگ لگا دی۔
معلومات کے مطابق چوتھی کلاس میں پڑھنے والی نابالغ لڑکی کو ٹیوشن سے واپس آتے ہوئے اغوا کیا گیا، اجتماعی زیادتی اور پھر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ بعد میں گاؤں والوں نے طالب علم کی لاش ندی کے کنارے سے برآمد کی۔ کلتلی پولیس اسٹیشن کی جانب سے شکایت درج نہ کرنے کے بعد گاؤں والوں نے غصے میں آکر تھانے میں توڑ پھوڑ کی اور اسے آگ لگا دی۔
بی جے پی لیڈر ڈاکٹر سکانت مجمدار نے کہا کہ معصوم بچی کے ساتھ پیش آنے والا خوفناک واقعہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ انتظامیہ پر ممتا بنرجی کا کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ انتظامیہ مکمل طور پر سیاسی ہو چکی ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ ایف آئی آر درج نہ کرو، پہلے تحقیقات کرو پھر رپورٹ درج کرو۔ یہ اس لیے کہا گیا کیونکہ بنگال میں عصمت دری اور قتل کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔