کولکتہ کے ایکروپولس مال میں شدید آتشزدگی
کولکتہ: جنوبی کولکتہ کے قصبہ علاقے میں واقع ایکروپولس مال میں جمعہ کے روز شدید آگ لگ گئی۔ حالانکہ، ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ لیکن شاپنگ مال میں پھیلے گھنے دھوئیں کی وجہ سے کچھ لوگ بیمار ہو گئے۔ یہ مال اس علاقے میں کافی مشہور ہے۔
ریاستی فائر ڈپارٹمنٹ اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے اہلکاروں کی ٹیموں نے شاپنگ مال میں آنے والے لوگوں اور ملازمین کو کامیابی کے ساتھ بغیر کسی جانی نقصان کے باہر نکالا۔
فی الحال 15 فائر انجن آگ بجھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فائر آفیشل نے بتایا کہ “آگ لگنے سے مال میں موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، بھگدڑ مچ سکتی تھی، لیکن خوش قسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔”
موقع پر پہنچے فائر سرویس منسٹر سوجیت بوس نے کہا کہ فی الحال ہماری ترجیح آگ پر قابو پانا ہے۔ آگ پر قابو پانے کے بعد آگ لگنے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔ اصولوں پر عمل کرنے میں اگر کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو کارروائی کی جائے گی۔
فائر حکام کو شبہ ہے کہ آگ مال کی چوتھی منزل پر واقع فوڈ کورٹ میں لگی۔ آگ لگنے کے فوری بعد مال کا بجلی کا کنکشن کٹ کر دیا گیا۔ فائر فائٹرز نے دھواں نکالنے کے لیے شیشے کے کئی پینل توڑ دیے ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔