چھتیس گڑھ کے ابوجھماڑ علاقے میں سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان تصادم میں چار نکسلائیٹس مارے گئے ہیں۔ مارے گئے نکسلیوں کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔ سیکورٹی فورسز نے اس تصادم میں اے کے 47، ایس ایل آر اور دیگر خودکار ہتھیار بھی برآمد کئے۔ دنتے واڑہ کے ڈی آر جی ہیڈ کانسٹیبل سنو کرم تصادم میں شہید ہو گئے ہیں۔ فی الحال تصادم جاری ہے اور علاقے میں ڈی آر جی (ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ) اور ایس ٹی ایف (اسپیشل ٹاسک فورس) کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس آپریشن میں 4 اضلاع سے سیکورٹی فورسز شامل ہیں۔
Chhattisgarh | Abujhmad Encounter | 4 naxals were killed and their bodies have been recovered, in an encounter between Naxalites and security forces. AK 47, SLR and other automatic weapons have also been recovered. Dantewada DRG Head Constable Sannu Karam was killed in action.…
— ANI (@ANI) January 5, 2025
چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ نارائن پور اور دنتے واڑہ اضلاع کے سرحدی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان تصادم جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تصادم ابوجھما ڑکے علاقے میں جاری ہے جو ان دونوں اضلاع کے سرحدی علاقے پر واقع ہے۔ آئی جی بستر پی سندرراج نے اس آپریشن کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ابوجھماڑعلاقے میں نکسلیوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی طرف سے مسلسل کارروائی کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ نکسل مخالف آپریشن میں ڈسٹرکٹ ریزرو گارڈ اور اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کی ایک مشترکہ ٹیم کو ابوجھماڑ علاقے میں بھیجا گیا تھا۔ تصادم اس وقت شروع ہوا جب سیکورٹی فورسز شام 6 بجے کے قریب علاقے میں پہنچے اور نکسلیوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔ اس کے بعد سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی۔
آپ کو بتاتے چلیں کہ پچھلے ڈیڑھ سال کے دوران چھتیس گڑھ میں سیکورٹی فورسز کو نکسلیوں کے خلاف بڑی کامیابی ملی ہے۔ اس دوران 300 سے زیادہ نکسلائیٹس مارے گئے، تقریباً 1000 نکسلائیٹس کو گرفتار کیا گیا اور 837 نکسلائیٹس نے خودسپردگی کی۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے گزشتہ سال 15 دسمبر کو چھتیس گڑھ کا دورہ کیا تھا، انہو ں نے دعویٰ کیا تھا کہ ریاست 2026 تک نکسل فری ہو جائے گی۔ چھتیس گڑھ پولیس اہلکاروں کو صدر کا ایوارڈ پیش کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ نے ان کی محنت، لگن اور بہادری کی تعریف کی۔
بھارت ایکسپریس