نئی دہلی :وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کو ان کی 56ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے اچھی صحت اور درازیٔ عمر کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا، “لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی جی کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد۔ میں ان کی اچھی صحت اور طویل عمر کی کامنا کرتا ہوں۔” وزیراعظم کے اس پیغام کو سیاسی حلقوں میں مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ مختلف سیاسی نظریات کے باوجود ایک دوسرے کے لیے خیرسگالی کا اظہار جمہوری روایات کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے۔
راہل گاندھی 19 جون 1970 کو نئی دہلی کے ہولی فیملی اسپتال میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ بھارت کے سابق وزیراعظم راجیو گاندھی اور کانگریس کی سینئر لیڈرو راجیہ سبھا رکن سونیا گاندھی کے بڑے صاحبزادے ہیں۔ راہل گاندھی طویل عرصے سے کانگریس پارٹی کی سیاست کا اہم چہرہ رہے ہیں اور اس وقت لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔دوسری جانب کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی راہل گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی سیاسی خدمات اور عوامی مسائل کے لیے جدوجہد کو سراہا۔ انہوں نے ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ راہل گاندھی کا آئین کے نظریات اور جمہوری اقدار کے لیے غیر متزلزل عزم لاکھوں لوگوں کے لیے تحریک کا ذریعہ ہے۔
کھڑگے نے کہا کہ راہل گاندھی نے ہمیشہ معاشرے کے کمزور، محروم اور پسماندہ طبقات کی آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس کی ہم آہنگی، سماجی انصاف، برابری اور ہمدردی کی روایات راہل گاندھی کی قیادت اور عوامی زندگی میں نمایاں طور پر جھلکتی ہیں۔ کانگریس صدر کے مطابق، “عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ اور اقتدار کے سامنے سچ بولنے کا حوصلہ راہل گاندھی کی سیاسی شناخت بن چکا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ اُن طبقات کے حقوق کی وکالت کی ہے جو اکثر نظر انداز کر دیے جاتے ہیں۔”ملکارجن کھڑگے نے اپنے پیغام کے اختتام پر راہل گاندھی کی اچھی صحت، خوشی، طاقت اور طویل عمر کے لیے پرارتھنا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ ملک کی خدمت کرتے رہیں۔راہل گاندھی کی سالگرہ کے موقع پر کانگریس کارکنان اور حامیوں کی جانب سے بھی ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

