Bharat Express

India Islamic Cultural Centre Election 2024: کون ہیں ایم آصف حبیب؟ انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے الیکشن کو بنا رہے ہیں دلچسپ، دیکھیں ویڈیو

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے الیکشن میں اب تک سات پینل سامنے آچکے ہیں۔ اس طرح سے مقابلہ کافی دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔ ایم آصف حبیب نے اپنے 13 رکنی پینل کا اعلان کیا ہے۔

ایم آصف حبیب نے انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے لئے اپنے پینل کا اعلان کیا ہے۔

نئی دہلی: انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر، نئی دہلی کے پانچ سالہ (29-2024) کی مدت کے لئے اگست کے مہینے میں الیکشن ہونا ہے۔ اس کے لئے اب تک سات پینل سامنے آچکے ہیں اوراس بارالیکشن انتہائی دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔ عدالت کی مداخلت اورآبزرورمقررکئے جانے کے بعد یہ الیکشن ہو رہا ہے اور20 سالوں تک صدر رہے سراج الدین قریشی اس بارصدرعہدے کے لئے میدان میں نہیں ہیں، لیکن ان کا پینل مقابلہ آرائی کررہا ہے۔ وہ خود بورڈ آف ٹرسٹیزکے لئے میدان میں ہیں۔ سراج الدین قریشی پینل سے کینسرسرجن ڈاکٹرماجد احمد تالیکوٹی، کانگریس لیڈرسلمان خورشید کے علاوہ کئی پینل میدان میں ہیں، لیکن معروف تاجر(بزنس مین) اورسماجی کارکن ایم آصف حبیب اس مقابلے کوبے حد دلچسپ بنا رہے ہیں۔

کون ہیں ایم آصف حبیب؟

ایم آصف حبیب نے اپنا کاروباری سفرکمپیوٹرایجوکیشن پروگرام سے 1987 میں شروع کیا اوربہت سے ضرورت مند صوبائی اورقومی سطح پرفیضیاب ہوئے۔ اپنی محنت اورلگن سے آج وہ ہیبسن انٹرنیشنل گروپ کے بانی ہیں۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے کاروبارکومختلف کاموں سے جوڑا اورترقی کی راہ پرگامزن ہوئے۔ انہوں نے کاروباری وسعت بڑھانے کے ساتھ اپنے سماجی اورفلاحی کاموں میں اپنا تعاون دیا۔ ایم آصف حبیب کا تعلق الہ آباد سے ہے۔ ان کے کے والد کئی باراترپردیش اسمبلی کے رکن (ایم ایل اے) رہے ہیں۔ اورانہوں نے سماجی فلاح وبہبود کے لئے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا اورنمایاں رول ادا کیا۔

ایم آصف حبیب نے اتارا اپنا پینل 

انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر کے الیکشن میں اب تک سات پینل سامنے آچکے ہیں۔ اس طرح سے مقابلہ کافی دلچسپ ہونے کا امکان ہے۔ ایم آصف حبیب نے اپنے 13 رکنی پینل کا اعلان کیا ہے۔ جس میں صدر، نائب صدر کے علاوہ بورڈ آف ٹرسٹیز کے لئے 7 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے لئے 4 امیدوارمیدان میں ہیں۔ صدرکے لئے ایم آصف حبیب خود میدان میں ہیں جبکہ نائب صدرکے لئے آصف کمال امیدواربنائے گئے ہیں۔ بورڈ آف ٹرسٹیز کے لئے حیدرآباد نیشنل اردو یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلرڈاکٹر خواجہ ایم شاہد، سید اعجازحیدررضوی، شرافت اللہ انجینئر، پروفیسراحسان احمد خان، شیوندرا تومر، محمد نوشاد صدیقی اور محمد فیصل فریدی میدان میں ہیں۔ ایگزیکٹیو کمیٹی کے لئے پروفیسرشمامہ احمد، محمد طارق امین، ارمان احمد خان اورڈاکٹر سحرقریشی امیدوار بنائے گئے ہیں۔

ایم آصف حبیب نے اسلامک سینٹر کے لئے کیا بڑا اعلان

انڈیا انٹرنیشنل سینٹر، نئی دہلی میں منعقدہ تقریب میں ایم آصف حبیب نے اپنے پینل کا تعارف کرایا۔ ایم آصٖف حبیب نے کہا کہ سینٹرجس رسوائی اوربحران سے گزر رہا ہے، اس سے باہرنکالنا ہمارا اہم مقصد ہے۔ اگرممبران چاہیں گے تو ہم ایسا نظیرپیش کریں گے کہ مستقبل میں منتخب ہونے والے عہدیداران اس پربہت آسانی سے آگے بڑھ سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہلی کوشش ہوگی کہ تمام مذاہب کے درمیان آپسی بھائی چارہ کو فروغ دیا جائے۔ ہیلتھ کیئر سے متعلق ہم بیداری پیدا کرنے کا کام کریں گے۔ ہیلتھ کیئرایکسپرٹس کا ایک پینل بنائیں گے۔ یوتھ کمیونٹی کی صحیح گائیڈنس کرنے کا کام کریں گے۔ ساتھ ہی اسلام اخلاق کی بناء پرجانا جاتا ہے۔ اس لئے ہمیں اخلاقی بنیاد پراپنا پیغام دینا چاہئے اورمختلف مذاہب کے درمیان ہم امن ومحبت بانٹنے کا کام کریں گے۔ ایم آصف حبیب نے کہا کہ ہم نئی بلڈنگ بنانے کے سخت خلاف ہیں۔ کیونکہ یہ بلڈنگ ابھی بہت اچھی پوزیشن میں ہے، اگرکام کرنا ہے توپھردوسری ریاست میں نیا سینٹرقائم کیا جائے۔ ہمارا عزم اورارادہ ہے کہ ملک کے پانچ بڑے شہروں میں پانچ نئے سینٹرکھولیں گے، لیکن اس سے پہلے اس کوماڈل سینٹربنا کراس کی توسیع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ممبران کے لئے وہاں کوئی انتظام نہیں ہے. اسلامک سینٹرکے ممبران کوکبھی وہاں کے پروگرام میں شامل نہیں کیا جاتا، تاکہ وہ کوئی بیٹھ کربات کرسکیں، اس لئے میری کوشش ہوگی کہ ممبران کے لئے ایک لاؤنج میری پہلی ترجیح ہوگی۔

بھارت ایکسپریس۔