Bharat Express DD Free Dish

Manipur Violence: منی پور میں ایک بارپھر تشدد بھڑک اٹھا، 30 گھر نذرآتش، 5 روزہ ڈیجیٹل بلیک آؤٹ

تشدد کے خوف سے لِٹن ساریکھونگ اور قریبی دیہات سے سینکڑوں افراد نقل مکانی پر مجبورہو گئے ہیں۔ خواتین، بچے اور بزرگ اپنے گھر بار چھوڑکرپڑوسی ضلع کانگپوکپی کے محفوظ علاقوں موٹبنگ اورساکُل کی جانب پناہ لینے جا رہے ہیں۔

نئی دہلی :شمال مشرقی ریاست منی پور ایک بار پھر شدید تشدد کی لپیٹ میں آ گئی ہے۔ اُکھرول ضلع کے لِٹن ساریکھونگ گاؤں میں منگل کی علی الصبح تازہ پرتشدد واقعات پیش آئے، جہاں مسلح شرپسندوں نے متعدد راؤنڈ فائرنگ کی اور 30 سے زائد گھروں کو آگ کے حوالے کر دیا۔ صورتحال کے بگڑنے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پورے علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا ہے ،جب کہ افواہوں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پانچ دن کے لیے انٹرنیٹ خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔تشدد کا سلسلہ گزشتہ ہفتے سنیچر کی رات اس وقت شروع ہوا جب لِٹن گاؤں میں تنگکھول ناگا برادری کے ایک فرد کے ساتھ مبینہ طور پر مارپیٹ کی گئی۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھتی چلی گئی۔ پیر کی رات مسلح افراد نے لِٹن سارےئی کھونگ میں تنگکھول ناگا برادری کے گھروں کو نشانہ بنایا، جس کے ردعمل میں کوکی برادری کے گھروں پر بھی حملے کیے گئے۔

منگل کی صبح ایک بار پھر فائرنگ کی آوازیں سنائی دیں اورخالی پڑے مکانات کو آگ لگا دی گئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں پہاڑی علاقوں سے اٹھتے دھویں کے بادل واضح طورپردیکھے جا سکتے ہیں۔ منی پور حکومت کے محکمہ داخلہ کے کمشنر نے حکم جاری کرتے ہوئے اُکھرول ضلع میں براڈ بینڈ، وی پی این اورموبائل ڈیٹا خدمات کو فوری طور پر پانچ دن کے لیے بند کردیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ غلط اطلاعات اور افواہیں تشدد کو مزید بھڑکا سکتی ہیں۔

تشدد کے خوف سے لِٹن ساریکھونگ اور قریبی دیہات سے سینکڑوں افراد نقل مکانی پر مجبورہو گئے ہیں۔ خواتین، بچے اور بزرگ اپنے گھر بار چھوڑکرپڑوسی ضلع کانگپوکپی کے محفوظ علاقوں موٹبنگ اورساکُل کی جانب پناہ لینے جا رہے ہیں۔ پولیس اور آسام رائفلز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے، قابل ذکر بات یہ ہے کہ  وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔کشیدگی میں اضافے کی ایک بڑی وجہ تنگکھول ناگا تنظیموں کی جانب سے اُکھرول اور کامجونگ اضلاع میں کوکی برادری کی آمد و رفت پر پابندی کا اعلان بتایا جا رہا ہے۔ اس اقدام سے حالات مزید کشیدہ ہو گئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ این بیرین سنگھ نے عوام سے امن و ضبط برقرار رکھنے اور صبر و تحمل سے کام لینے کی اپیل کی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read