Bharat Express DD Free Dish

Violence Erupts Again in Manipur: منی پور میں پھر تشدد، 4 افراد ہلاک، 6 سالہ بچہ زخمی، حملے کے ذمہ دار افراد کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کا مطالبہ

منی پور کے تمینگلونگ ضلع میں اتوار کو تازہ تشدد کے دوران مسلح حملہ آوروں نے دو الگ الگ واقعات میں ایک جوڑے سمیت چار افراد کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے دوران ایک چھ سالہ بچہ بھی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جس کا اسپتال میں علاج جاری ہے۔

نئی دہلی: پولیس کے مطابق پہلا واقعہ اتوار کی صبح تقریباً 5:30 بجے تمینگلونگ ضلع کے کیمائی تھانہ علاقے کے ٹولن گاؤں میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق فائرنگ میں 46 سالہ لنگزنگائی سنگسٹ کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ ان کے شوہر سینہ سنگسٹ اور چھ سالہ بیٹے کو بھی گولیاں لگیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے آسام کے سِلہٹ میڈیکل کالج لے جایا گیا، تاہم اسپتال پہنچنے سے قبل سینہ سنگسٹ نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ اسپتال پہنچنے پر انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ چھ سالہ بچے کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے حملے میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اب تک کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

لنگپی گاؤں میں چند گھنٹوں بعد دوسرا حملہ

پہلے واقعے کے چند گھنٹے بعد اتوار کی دوپہر تقریباً 3 بجے تمینگلونگ ضلع کے نُنگبا تھانہ علاقے کے لنگپی گاؤں میں بھی فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔ نُنگبا پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لنگپی گاؤں تھانے سے تقریباً 30 کلومیٹر مغرب میں واقع ہے۔ سڑک کی خراب حالت کے باعث پولیس اہلکار جائے وقوعہ تک نہیں پہنچ سکے۔ پولیس کے مطابق پیر کی صبح جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جائے گا۔

ویسٹرن ولیج والنٹیرز نے حملے کا الزام لگایا

کوکی گروپ ویسٹرن ولیج والنٹیرز (WVV) نے اپنے اطلاعات و تشہیر کے سربراہ اوبین سنگسن کے دستخط سے جاری بیان میں دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت لنگپی گاؤں کے جِلی سنگسن اور ریول گنگٹے کے طور پر ہوئی ہے۔ گروپ نے الزام لگایا کہ لنگپی گاؤں میں حملہ NSCN-IM اور ZUF-K یعنی نیشنل سوشلسٹ کونسل آف ناگالینڈ-اساک مویوا اور زیلیانگرونگ یونائیٹڈ فرنٹ-کامسن سے وابستہ افراد نے کیا۔ ڈبلیو وی وی  کے مطابق متاثرین پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ ضروری کام سے جا رہے تھے۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ قتل کے بعد حملہ آور گاؤں کے مرکز کی جانب بڑھے، تاہم ویسٹرن ولیج والنٹیرز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد انہیں پیچھے ہٹنا پڑا۔

24 گھنٹے میں ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ

ویسٹرن ولیج والنٹیرز نے متعلقہ سکیورٹی فورسز سے حملے کے ذمہ دار افراد کو 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب کیمائی ولیج اتھارٹی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے قصورواروں کی شناخت اور انہیں سزا دلانے کے لیے غیر جانب دارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ گاؤں کے حکام نے کوکی اور ناگا دونوں برادریوں سے کشیدگی بڑھانے والی افواہیں پھیلانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ گاؤں کے حکام نے اپنے بیان میں کہا کہ کیمائی ناگا گاؤں کے لوگ امن، اتحاد اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ کوکی یوتھ آرگنائزیشن ویمنز کونسل نے بھی واقعے کی سخت مذمت کی ہے۔

13 ستمبر کو ’بلیک ڈے‘ مناتا ہے کوکی برادری

گاؤں کے حکام نے کہا کہ یہ واقعہ اس لیے بھی افسوس ناک ہے کیونکہ یہ وہ دن ہے جسے کوکی برادری ’بلیک ڈے‘ کے طور پر مناتی ہے۔ اس موقع پر 1990 کی دہائی کے پرتشدد واقعات میں جان گنوانے اور مشکلات کا سامنا کرنے والے کوکی افراد کو یاد کیا جاتا ہے۔ KYO ویمنز کونسل نے حملے کی فوری، غیر جانب دارانہ اور جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم نے کہا کہ قابلِ اعتماد شواہد اور مناسب قانونی کارروائی کی بنیاد پر ملزمان کی شناخت کی جائے، ان کے خلاف مقدمہ چلایا جائے اور حملوں کے لیے جواب دہی طے کی جائے۔ واضح رہے کہ 1990 کی دہائی میں زمین اور شناخت کے مسائل پر ہونے والے ناگا-کوکی تنازع میں ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ کوکی برادری 13 ستمبر کو ’بلیک ڈے‘ کے طور پر مناتی ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read