Bharat Express DD Free Dish

UP politics saints assault: سنتوں کی پٹائی اور یوگی–موریہ کے الگ الگ بیانات، ان دو واقعات سے بیک فٹ پر آئی یوپی حکومت

پریاگ راج میں ماگھ میلے کے دوران شنکراچاریہ اوی مکتیشورانندسے متعلق تنازع اور نوئیڈا میں ایک انجینئر نوجوان کی ڈوبنے سے ہونے والی موت نے یوگی حکومت کو بیک فٹ پر لا دیا ہے۔ اپوزیشن مسلسل حکومت سے سوالات کر رہی ہے۔

سرحدوں پر بہت تناؤ ہے کیا، کچھ پتا  توکرو چناؤ ہے کیا؟ مشہور مرحوم شاعر راحت اندوری صاحب کے اس شعر میں اگر سرحدوں کی جگہ اتر پردیش لکھ دیا جائے تو یہ آج کے حالات پر بالکل فٹ بیٹھتا ہے۔ اتر پردیش میں پنچایت انتخابات کی الٹی گنتی شروع ہوتے ہی ریاست میں ایک بار پھر سیاسی تناؤ عروج پر پہنچ گیا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت اس وقت دو انتہائی حساس واقعات کے معاملے پر اپوزیشن کے نشانے پر ہے۔پریاگ راج میں ماگھ میلے کے دوران شنکرآچاریہ اوی مکتیشورانند سے جڑا تنازع اور نوئیڈا میں ایک انجینئر نوجوان کے ڈوبنے سے ہونے والی موت نے یوگی حکومت کو بیک فٹ پر لا  کھڑا کردیا ہے۔ اپوزیشن مسلسل حکومت سے سوال کر رہی ہے۔ ان سوالات نے نہ صرف یوگی حکومت بلکہ بی جے پی  کے اندر  بھی بیچینیوںمیں اضافہ کر دیاہے۔

دھرم کے سوال پر بی جے پی دباؤ میں

ان دونوں معاملات کے حوالے سے بی جے پی کے اندر ہی گھمسان مچا ہوا ہے۔ پارٹی کے اندرونی حلقوں میں یہ باتیں چل رہی ہیں کہ جس طرح ان معاملات کو ہینڈل کیا گیا، اس سے پارٹی کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔ پریاگ راج والے معاملے میں بی جے پی کی ہندوتوا کی شبیہ متاثر ہوئی ہے، جبکہ نوئیڈا والے واقعے پر شہری ووٹروں میں خوف اور غصہ صاف نظر آ رہا ہے۔ ان واقعات کی بنیاد پر اپوزیشن پوری طاقت کے ساتھ حکومت پر حملہ آور  ہے۔

پریاگ راج معاملے میں کیا ہوا؟

ماگھ میلے کے دوران پریاگ راج میں پالکی پر سوار ہو کر گنگا اسنان کے لیے نکلے شنکرآچاریہ اوی مکتیشورانند کو روکے جانے اور ان کے بھکتوں کو حراست میں لے کر مبینہ طور پر پیٹنے کے معاملے میں اپوزیشن مسلسل حملہ آور ہے۔ اپوزیشن نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی کے راج میں ہندوؤں اور سنتوں کا احترام نہیں کیا جا رہا ہے۔ اس معاملے پر سنت سماج میں بھی یوپی حکومت کے خلاف ناراضگی پائی جاتی ہے۔ پوری سے لے کر دوارکا تک کے شنکرآچاریوں نے یوگی حکومت کی تنقید کی ہے۔

نوئیڈا میں سرکاری مشینری کی ناکامی؟

گوتم بدھ نگر کے نوئیڈا سیکٹر 150 میں ایک بلڈر کے کھودے گئے گڑھے میں ڈوبنے سے انجینئر یووراج کی موت ہو گئی۔ واقعے کے وقت وہاں پولیس، ایس ڈی آر ایف اور فائر بریگیڈ کے اہلکار موجود تھے، اس کے باوجود یووراج کو بچایا نہیں جا سکا۔ اسے حکومت کی بڑی ناکامی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔بی جے پی کے بعض لیڈروں کا کہنا ہے کہ اگر نوئیڈا جیسے ترقی یافتہ شہر میں ایسا واقعہ پیش آ رہا ہے تو چھوٹے شہروں کی حالت کیا ہوگی۔ اس موضوع پر عوامی بحث مسلسل جاری ہے، جو بی جے پی کے لیے تشویش کا باعث بن گئی ہے۔البتہ نوئیڈا معاملے میں حکومت نے ایس آئی ٹی تشکیل دے دی ہے اور بلڈر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ نوئیڈا کے سی ای او کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

سی ایم یوگی کا ’کالنیِمی‘ والا بیان

یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے اوی مکتیشورانند کا نام لیے بغیر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ سناتن دھرم میں پہلے بھی کالنیِمی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ سناتن کو کمزور کرنے والے ایسے کالنیِمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔وہیں دوسری جانب یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے اس معاملے پر یوگی سے مختلف رخ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اس واقعے کو افسوسناک قرار دیا۔

اپوزیشن مسلسل حملہ آور

ان دونوں معاملات پر اب سماج وادی پارٹی اور کانگریس بی جے پی پر مسلسل حملہ آور ہیں۔ ایس پی کے صدر اکھلیش یادو نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے ہمیشہ سناتن کی توہین کی ہے اور اوی مکتیشورانند کے ساتھ حکومت کا رویہ کوئی نیا نہیں ہے۔ وہیں کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے بھی بی جے پی حکومت پر سخت حملہ بولا، وہ پریاگ راج پہنچے اور اوی مکتیشورانند کی حمایت کا اعلان کیا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read