نئی دہلی: امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اعلیٰ مشیر اسٹیفن ملر نے ہندوستان پر ایک سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ روس سے تیل خرید کر یوکرین جنگ کو بالواسطہ مالی مدد فراہم کر رہا ہے۔ فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ملر نے دعویٰ کیا کہ صدر ٹرمپ کے نزدیک یہ عمل بالکل ناقابل قبول ہے اور ہندوستان کو اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔
ٹرمپ کی طرف سے سخت پیغام
ٹرمپ انتظامیہ میں وائٹ ہاؤس کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملرنے کہا ‘‘ڈونالڈ ٹرمپ نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ یہ ہرگز قابل قبول نہیں کہ ہندوستان روس سے تیل خرید کر جنگی مشن کو فنڈ کرے۔’’ انہوں نے کہا کہ روسی تیل کی خریداری کے معاملے میں ہندوستان، چین کے برابر آچکا ہے جو کہ ‘حیران کن سچائی’ ہے۔
امریکہ-ہند تعلقات پر دباؤ
ملر کا یہ بیان نہ صرف غیرمعمولی ہے بلکہ انڈو-پیسفک میں امریکہ کے کلیدی شراکت دار ہندوستان کے لیے ایک سخت سفارتی چیلنج بھی بن سکتا ہے۔ حالانکہ ملر نے توازن برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر ٹرمپ کے تعلقات ’شاندار‘ ہیں، تاہم ان کا یہ تبصرہ اب تک کی سب سے سخت تنقید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
حکومت ہند کی خاموشی
‘رائٹرز’ کی رپورٹ کے مطابق امریکی تنقید کے بعد ابھی تک حکومت ہند کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ واشنگٹن میں موجود ہندوستانی سفارت خانہ نے بھی اس پر بات کرنے سے انکار کیا ہے۔ تاہم بعض ذرائع کے مطابق، بھارت امریکی دباؤ کے باوجود روس سے تیل کی خریداری جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
امریکی پابندیاں اور انتباہ
یہ تنازع ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکہ نے روس سے تیل اور ہتھیار خریدنے کے معاملے پر سخت اقتصادی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ہندوستانی مصنوعات پر 25 فیصد درآمدی ٹیرف نافذ کر دیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر روس یوکرین کے ساتھ کوئی بڑا امن معاہدہ نہیں کرتا تو ایسے تمام ممالک پر 100 فیصد ٹیرف عائد کیا جا سکتا ہے جو روسی تیل خریدتے ہیں۔
ہند-امریکہ تعلقات کے لیے نیا امتحان
روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں مغربی ممالک روس پر شدید پابندیاں لگا چکے ہیں لیکن ہندوستان نے اپنے معاشی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے روسی تیل کی خریداری جاری رکھی ہے، جس پر اب امریکہ کی طرف سے سخت رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ یہ تنازع آنے والے دنوں میں ہند-امریکہ تعلقات کے لیے نیا امتحان بن سکتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

