Bharat Express DD Free Dish

TMC Leader Mukul Roy Passes Away: سابق ریلوے وزیر اور ٹی ایم سی کے سینئر لیڈر مکل رائے کا انتقال، کولکاتا کے اسپتال میں لی آخری سانس

ٹی ایم سی کے سینئر لیڈر مکل رائے کے انتقال پر سیاسی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف جماعتوں کے لیڈروں نے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بنگال کی سیاست میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

کولکاتا: مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے سینئر لیڈر اور سابق ریلوے وزیر مکل رائے کا انتقال ہو گیا۔ وہ طویل عرصے سے بیمار تھے اور کولکاتا کے سالٹ لیک علاقے میں واقع اپولو اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں پیر کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی عمر 71 برس تھی۔ مکل رائے کے بیٹے سبھرانشو رائے نے اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے تھے۔ ڈاکٹروں کی ٹیم مسلسل نگرانی کر رہی تھی، تاہم اچانک دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔

مکل رائے ترنمول کانگریس کے بانی اراکین میں شامل تھے اور پارٹی کی تنظیم سازی میں ان کا کردار نہایت اہم سمجھا جاتا تھا۔ انہیں پارٹی سربراہ ممتا بنرجی کے بعد دوسرا اہم ترین لیڈر تصور کیا جاتا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ جب ٹی ایم سی نے ریاست میں اقتدار حاصل کیا اور مرکز میں بھی شراکت داری ملی تو انہیں ریلوے کی وزارت سونپی گئی۔

وہ 2006 میں راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے اور 2009 سے 2012 تک ایوان بالا میں پارٹی کے قائد کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ اپنی غیر معمولی تنظیمی صلاحیتوں کے باعث انہیں ایک وقت میں بنگال کی سیاست کا چانکیہ بھی کہا جاتا تھا۔ تاہم 2010 کی دہائی میں پارٹی قیادت کے ساتھ ان کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی، خصوصاً شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے کے بعد اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ فروری 2015 میں انہیں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کے عہدے سے ہٹا دیا گیا اور بالآخر ستمبر 2017 میں انہوں نے ٹی ایم سی سے استعفیٰ دے دیا۔

اسی برس وہ بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو گئے اور زمینی سطح پر پارٹی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان ہی کے دور میں 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی نے مغربی بنگال میں 18 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ 2021 میں وہ کرشن نگر اتر اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے، تاہم بعد ازاں بی جے پی چھوڑ کر دوبارہ ٹی ایم سی میں شامل ہو گئے۔ واپسی کے بعد وہ عملی سیاست میں زیادہ سرگرم نظر نہیں آئے۔ مکل رائے کے انتقال پر سیاسی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ مختلف جماعتوں کے لیڈروں نے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بنگال کی سیاست میں ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی وفات سے ریاستی سیاست کا ایک اہم باب اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read