سپریم کورٹ
Supreme Court: سپریم کورٹ نے کیرالہ کے کنور ضلع سے تعلق رکھنے والے یوتھ کانگریس کارکن کے قتل کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی عرضی کو مسترد کر دیا ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے کیرالہ ہائی کورٹ کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ کیرالہ پولیس نے پہلے ہی کئی لوگوں کو ملزم بناتے ہوئے چارج شیٹ داخل کر دی ہے۔ ایسے میں اس وقت معاملے میں مداخلت کا کوئی جواز نہیں ہے۔
کیرالہ ہائی کورٹ نے شعیب کے قتل کی سی بی آئی جانچ کے سنگل بنچ کے حکم کو منسوخ کر دیا تھا۔ شعیب کے والدین سی پی محمد اور ایس پی رضیہ نے کیرالہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔
یوتھ کانگریس کارکن شعیب کا مبینہ طور پر سی پی ایس کارکنوں نے 12 فروری 2018 کو چائے کی دکان پر قتل کر دیا تھا۔ شعیب کے والدین نے سنگل بنچ کو بتایا کہ صرف 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور قتل کی سازش میں ملوث افراد کی شناخت کے لیے کوئی موثر تفتیش نہیں کی گئی۔
-بھارت ایکسپریس