رائے پور میں سروے کے دوران مرکز کی ٹیم جامع مسجد کا دورہ کرتے ہوئے۔ (تصویر بشکریہ ٹی این آئی ای)
بی جے پی کے زیر اقتدار چھتیس گڑھ میں وقف املاک کا سروے کرنے کے لیے مرکز کی 10 رکنی ٹیم کے دورے کے درمیان وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی نے مغربی بنگال کی اپنی ہم منصب ممتا بنرجی کے جواب میں زور دے کر کہا کہ پارلیمنٹ کے منظور کردہ قوانین پورے ملک میں نافذ ہوتے ہیں۔ واضح رہے کہ وقف (ترمیمی) بل کے پچھلے ہفتے قانون بننے کے بعد اقلیتی امور کی وزارت کی ایک ٹیم کو وقف املاک کا معائنہ کرنے کے لیے چھتیس گڑھ بھیجا گیا ہے۔
عیدگاہوں، درگاہوں اور قبرستانوں پر ہے خصوصی نظر
ٹیم نے ابتدائی طور پر دھمتری، مہاسمنڈ اور رائے پور کے اضلاع کا احاطہ کیا ہے۔ وہ خاص طور پر قبرستانوں، عیدگاہوں اور درگاہوں کی وقف املاک کا جائزہ لے رہے ہیں۔ دی نیو انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق ایک سینئر افسر نے بتایا ہے کہ ’’ٹیم اپنے سروے کے دوران ان وقف املاک کو ’’استعمال شدہ‘‘ یا ’’غیر استعمال شدہ‘‘ کے طور پر نشان زد کرتی ہوئی دیکھی گئی۔ اخبار کے مطابق چھتیس گڑھ اسٹیٹ وقف بورڈ کے چیئرمین سلیم راج نے بتایا کہ ’’چھتیس گڑھ میں 5000 کروڑ روپے سے زیادہ کی وقف جائیدادیں ہیں۔ نومبر 2000 میں چھتیس گڑھ ریاست کے قیام کے بعد سے نہ تو قبائلی برادری سے تعلق رکھنے والی ایک بھی زمین کو وقف املاک کے طور پر شامل کیا گیا ہے اور نہ ہی ریاستی وقف بورڈ نے ان کے احاطے یا زمینوں پر اپنی ملکیت کا دعویٰ پیش کیا ہے۔‘‘
ریاستی وقف بورڈ نے وقف املاک کے ذمہ داروں کو بھیجے ہیں 500 سے زیادہ نوٹس
ریاستی وقف بورڈ کے چیئرمین نے مزید کہا ’’چھتیس گڑھ میں قبائلیوں سمیت، غیر مسلموں نے وقف کے تحت کوئی زمین عطیہ نہیں کی تھی۔ وقف املاک کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے، جس میں وہ جگہیں بھی شامل ہیں جو خالی پڑی ہیں یا ان پر قبضہ کیا گیا ہے۔ ایسے لوگ بھی ہیں جو وقف املاک کو اپنے ذاتی اثاثوں کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کے تحت چھتیس گڑھ وقف بورڈ گزشتہ تین ماہ کے دوران ایکشن موڈ میں رہا ہے اور وقف املاک کی ذمہ داری سنبھالنے والوں کو 500 سے زیادہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
مرکز کی ٹیم مسلم کمیونٹی کے لوگوں سے بات چیت بھی کر رہی ہے
سلیم راج نے کہا کہ وقف املاک کے ناجائز استعمال اور تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اب بورڈ کے منظور شدہ اصولوں اور کلکٹر کے رہنما خطوط کے مطابق تمام وقف املاک پر کرایہ مقرر کرنے کے بارے میں بھی ایک نیا معاہدہ ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ مرکز کی ٹیم نے مساجد کی کمیٹیوں، نگرانوں اور مسلم کمیونٹی کے لوگوں سے بات چیت کی ہے۔ اس دوران لوگوں کی رائے لینے کے علاوہ، ٹیم انھیں وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے بارے میں آگاہ بھی کر رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


