سلچر: وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز سلچر میں تقریباً 24 ہزار کروڑ روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ ان میں سب سے اہم منصوبہ شیلانگ–سلچر ہائی اسپیڈ کوریڈور ہے، جسے شمال مشرقی ہندوستان کا پہلا ایکسس کنٹرولڈ گرین فیلڈ چار لین ہائی اسپیڈ کوریڈور قرار دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم کے اس دورے کو براک ویلی کے لیے تاریخی قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس خطے کو دہائیوں سے بڑی ترقیاتی رفتار کا انتظار تھا۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ شیلانگ–سلچر ہائی اسپیڈ کوریڈور محض ایک سڑک نہیں بلکہ ترقی کی نئی لائف لائن ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوریڈور سلچر کے ساتھ ساتھ میزورم، منی پور اور تریپورہ کو بھی جوڑے گا۔ ان ریاستوں کے آگے بنگلہ دیش اور میانمار کی سرحدیں واقع ہیں، جس کے بعد جنوب مشرقی ایشیا کی بڑی منڈیاں شروع ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ براک ویلی کو بین الاقوامی تجارت کے نقشے پر لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
براک ویلی کی ثقافتی شناخت
اس کے علاوہ سلچر شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے کیپیٹل پوائنٹ سے رنگرکھری پوائنٹ تک ایلیویٹڈ کوریڈور (مرحلہ اوّل) کا بھی سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ تعلیم کے شعبے میں پتھرکنڈی (ضلع کریمن گنج) میں ایک نئے زرعی کالج کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم مودی نے سلچر کی ثقافتی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر براک ویلی کا ’’گیٹ وے‘‘ سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں بنگالی، آسامیہ اور قبائلی زبانوں کا جو ملاپ ہے وہی اس خطے کی اصل طاقت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ڈبل انجن حکومت اس تنوع اور کاروباری صلاحیت کو فروغ دے کر براک ویلی کو دوبارہ تجارت کا اہم مرکز بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
چائے باغان مزدوروں کو زمین کا حق
ریلی میں موجود ہزاروں چائے باغان کے مزدوروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آسام حکومت نے چائے باغان میں کام کرنے والے خاندانوں کو زمین کے مالکانہ حقوق (پٹّے) دینے کا جو قدم اٹھایا ہے، وہ ان خاندانوں کی دو سو سالہ جدوجہد کو عزت دینے کے مترادف ہے۔ مودی نے کہا کہ زمین کے پٹّے ملنے سے ان خاندانوں کو تحفظ کے ساتھ باعزت زندگی گزارنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے اس اقدام کے لیے آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما اور ریاستی حکومت کی تعریف کی۔
روزگار کے نئے مواقع
وزیراعظم نے نوجوانوں کو یقین دلایا کہ ریلوے منصوبوں، تیز رفتار شاہراہوں اور زرعی کالج جیسے اقدامات سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب براک ویلی ایک لاجسٹک اور تجارتی مرکز بن جائے گی تو یہاں کے نوجوانوں کے لیے ملازمت اور خود روزگار کے دروازے وسیع پیمانے پر کھلیں گے۔ وزیراعظم مودی کے مطابق آج کیے گئے یہ سنگ بنیاد دراصل براک ویلی کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
