محکمہ انکم ٹیکس نے آج ملک بھر میں 150 سے زائد مقامات پر بڑے پیمانے پر انکم ٹیکس ریٹرنز (ITR) کی تصدیق اور چھان بین کا آغاز کیا ہے۔ یہ کارروائیاں اُن افراد اور اداروں کے خلاف کی جا رہی ہیں جو ٹیکس ریٹرنز میں غلط کٹوتیوں اور ٹیکس چھوٹ کے جعلی دعوؤں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ یہ قدم انکم ٹیکس ایکٹ 1961 کے تحت دستیاب ٹیکس فوائد کے غلط استعمال کے تفصیلی تجزیے کے بعد اٹھایا گیا ہے، جہاں اکثر یہ دھوکہ دہی پیشہ ور بچولیوں اور آئی ٹی آر فائل کرنے والے افراد کی ملی بھگت سے انجام دی جاتی ہے۔
محکمے کی ابتدائی تحقیقات میں ایسے منظم گروہوں کا انکشاف ہوا ہے جو فرضی کٹوتیوں، جعلی ٹی ڈی ایس (TDS) ریٹرنز اور غلط ٹیکس چھوٹ کے دعوؤں کے ذریعے ریفنڈ حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ محکمے نے جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، زمینی معلومات اور تیسرے فریق کے ڈیٹا کے امتزاج سے مشکوک پیٹرن کی نشان دہی کی ہے۔
یہ دھوکہ دہی مہاراشٹر، تمل ناڈو، دہلی، گجرات، پنجاب اور مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں دیکھنے کو ملی، جہاں حالیہ تلاشی اور ضبطی کی کارروائیوں میں قابلِ ذکر ثبوت برآمد ہوئے ہیں۔ اعداد و شمار کے تجزیے میں انکم ٹیکس کی متعدد دفعات جیسے کہ 10(13اے)، 80 جی جی سی، 80 ای، 80ڈی، 80ای ای، 80ای ای بی، 80جی، 80جی جی اے اور80 ڈی ڈی بی کی دفعات کے تحت کٹوتیوں کے غلط استعمال کواجاگر کرتے ہیں۔ ایسا کرنے والوں میں ملٹی نیشنل کمپنیاں، پبلک سیکٹر ادارے ، سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے اور کاروباری افراد شامل ہیں۔
150 مقامات پر جاری ہیں کارروائیاں
اس کے باوجود کہ انکم ٹیکس نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل ہو چکا ہے، کمزور مواصلاتی ذرائع اب بھی ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جعلی ITR فائل کرنے والے اکثر عارضی ای میل آئی ڈیز استعمال کرتے ہیں۔ محکمہ اب ایسے جعلی دعووں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی تیاری کر چکا ہے۔ اس حوالے سے 150 مقامات پر جاری کارروائیوں کے دوران ڈیجیٹل شواہد اور مالیاتی ریکارڈز حاصل ہونے کی امید ہے، جن سے مجرموں کا نیٹ ورک بے نقاب کیا جا سکے گا۔
دریں اثنا انکم ٹیکس محکمہ نے ایک بار پھر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی آمدنی، بینک تفصیلات اور رابطے کی معلومات درست فراہم کریں اور کسی بھی غیر مجاز ایجنٹ یا بچولیے کے جھانسے میں نہ آئیں، جو غلط ریفنڈ کا وعدہ کرتے ہیں۔اس سلسلے میں مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے اور جلد ہی مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



