Bharat Express

CLAT Result-2025:سپریم کورٹ کا سی ایل اے ٹی- پی جی 2025 کے نتائج پر روک لگانے سے انکار، 10 دسمبر کو کیا جائے گا نتائج کا اعلان

سپریم کورٹ نے سی ایل اے ٹی- پی جی2025 کے نتائج کے اعلان پر پابندی عائد کرنے سے انکار کر دیا۔ اب سی ایل اے ٹی- پی جی-2025 کا نتیجہ 10 دسمبر کو اعلان کیا جائے گا۔

علامتی تصویر۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے سی ایل اے ٹی- پی جی2025 کے نتائج کے اعلان پر پابندی عائد کرنے سے انکار کر دیا۔ اب سی ایل اے ٹی- پی جی2025  کا نتیجہ 10 دسمبر کو اعلان کیا جائے گا۔ چیف جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس سنجے کمار کی بنچ نے سماعت کے بعد عرضی کو مسترد کر دیا۔

عدالت نے درخواست گزار کو ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی اجازت دے دی۔ تاہم کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے وکیل نے کہا کہ یہ مختلف ہائی کورٹس کا معاملہ ہے۔ لہٰذا صرف سپریم کورٹ ہی درخواست کی سماعت کرے اور حکم صادر کرے۔ لیکن عدالت نے حکم جاری کرنے سے انکار کر دیا۔ یہ درخواست قانون کے دو طالب علم انس خان اور آیوش اگروال کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

آنسر کیز میں غلطیوں کے الزامات

درخواست میں عارضی جوابی کلید(آنسر کیز) میں غلطیوں کا الزام لگایا گیا ہے۔ درخواست گزاروں نے الزام لگایا کہ 2 دسمبر کو جاری کی گئی عارضی جوابی کلید میں بہت سی غلطیاں تھیں اور 12 سوالات کے غلط جوابات دیے گئے۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ امیدواروں کو عارضی آنسر کیز پر اعتراضات اٹھانے کے لیے صرف ایک دن کا وقت دیا گیا تھا اور آن لائن پورٹل 3 دسمبر کو شام 4 بجے بند کر دیا گیا تھا۔

امتحان 141 مراکز پر لیا گیا۔

درخواست گزار نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ 1000 روپے فی اعتراض کی فیس غیر معقول ہے، جبکہ 4000 روپے پہلے ہی امتحانی فیس کے طور پر وصول کیے جا چکے ہیں۔ نیشنل لاء یونیورسٹی کے کنسورشیم نے نتیجہ اور الاٹمنٹ سے متعلق تفصیلی کیلنڈر جاری کر دیا ہے۔ یہ امتحان یکم دسمبر کو منعقد ہوا تھا۔ یہ امتحان ملک بھر میں کل 141 مراکز پر منعقد کیا گیا تھا۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read