Bharat Express DD Free Dish

این سی پی میں اندرونی کشمکش! سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل کے عہدوں پر تعطل برقرار، ذیشان صدیقی کی تقرری پر کوئی خطرہ نہیں

نائب وزیراعلیٰ سنیترا پوار کے بیٹے پارتھ پوار نے ایک بارپھر دہرایا کہ آئندہ پارٹی کے تمام فیصلے کور کمیٹی کو اعتماد میں لینے کے بعد ہی کئے جائیں گے۔ دوسری جانب پارٹی کے ریاستی صدرسنیل تٹکرے اورقومی ورکنگ صدرپرفل پٹیل کے عہدوں کے حوالے سے پیدا ہونے والا ابہام اب بھی برقرارہے۔

اجیت پوار کے انتقال کے بعد سے پارٹی کے استحکام سے متعلق سوال اٹھ رہے ہیں۔ (فائل فوٹو)

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) میں گزشتہ چند دنوں سے جاری اندرونی رسہ کشی کے درمیان بدھ، 4 نومبرکوممبئی میں پارٹی کی کورکمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں سنیترا پوار، پارتھ پوار، ریاستی صدرسنیل تٹکرے، قومی ورکنگ صدرپرفل پٹیل، کمیٹی کے اراکین دلیپ ولسے پاٹل، حسن مشرف، چھگن بھجبل، سمیربھجبل اوردھننجے منڈے موجود تھے۔ سیاسی حلقوں میں قیاس آرائی تھی کہ این سی پی کے سینئرلیڈران کا ایک گروپ پارتھ پوارکے کام کرنے کے طریقے سے ناراض ہے۔ ایسے میں آج ہونے والی کورکمیٹی کی میٹنگ پرسب کی نظریں ٹکی ہوئی تھیں۔ تاہم، اجلاس میں پارٹی کے اندرجاری تنازعہ کا مکمل حل نہیں نکل سکا۔

پارتھ پوار نے میٹنگ میں یقین دہانی کرائی؟

ذرائع کے مطابق، پارتھ پوارنے میٹنگ میں یقین دلایا کہ آئندہ سے کورکمیٹی سے مشورہ کرنے کے بعد ہی پارٹی کے فیصلے کئے جائیں گے۔ کورکمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے اندرجاری اختلافات کے معاملے پرپارتھ پواراور سنیترا پوارنے خاموشی اختیارکئے رکھی۔

ذیشان صدیقی اوراومیش پاٹل کی تقرری پرناراضگی

دراصل، حال ہی میں پارتھ پوارکی ہدایت پراین سی پی کے ممبئی صدرکے عہدے پرذیشان صدیقی اورقومی ترجمان کے عہدے پراومیش پاٹل کی تقرری کی گئی تھی۔ ان تقرریوں کے دوران کورکمیٹی کواعتماد میں نہ لئے جانے پر پارٹی کے سینئرلیڈران کا ایک گروپ ناراض ہوگیا تھا۔ اسی وجہ سے ان تقرریوں پردوبارہ غورکئے جانے کا امکان ظاہرکیا جا رہا تھا۔ تاہم، آج کی میٹنگ میں یہ واضح ہوگیا کہ پارتھ پواراورسنیترا پوارکی جانب سے کی گئی یہ تقرریاں برقراررہیں گی۔ اگلے 6 ماہ تک ذیشان صدیقی اوراومیش پاٹل اپنے اپنے عہدوں پرکام کرتے رہیں گے۔ 6 ماہ کے دوران ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل کے عہدوں پر اب بھی ابہام

ذرائع کے مطابق، پارتھ پوارنے ایک بارپھردہرایا کہ آئندہ پارٹی کے تمام فیصلے کورکمیٹی کواعتماد میں لینے کے بعد ہی کئے جائیں گے۔ دوسری جانب پارٹی کے ریاستی صدرسنیل تٹکرے اورقومی ورکنگ صدرپرفل پٹیل کے عہدوں کے حوالے سے پیدا ہونے والا ابہام اب بھی برقرارہے۔

بھارت ایکسپریس اردو-



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read