Bharat Express

Delhi Lok Sabha Elections: الیکشن کمیشن کی جانب سے دہلی کے اسکولوں میں پرچہ تقسیم،والدین سے ووٹ ڈالنے سے متعلق حلف لیں گے طلبا و طالبات

قومی دارلحکومت دہلی کی بات کریں تو دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں پر آئندہ 25 مئی کو اہالیان دہلی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے

لوک سبھا انتخابات

ملک کے طول وعرض میں ان دنوں سیاسی نشیب و فرازکا دور جاری ہے۔ اٹھارہویں لوک سبھا انتخابات کے تحت مجموعی طورپر سات مراحل میں ملک کے عوام اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ۔ اب تک تین مراحل کے انتخابات مکمل ہوچکے ہیں ۔ 13 مئی کو چوتھے مرحلہ کے تحت  ووٹ ڈالے جائیں گے ۔

ادھر قومی دارلحکومت دہلی کی بات کریں تو دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں پرآئندہ 25 مئی کو اہالیان دہلی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے، 25 مئی یعنی چھٹے مرحلہ کے انتخابات کے اب صرف 14 ایام باقی ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے آج دہلی کے تمام اسکولوں میں انتخابی سرگرمیوں سے متعلق ایک پرچہ تقسیم کیا گیا۔ اس پرچہ میں یہ درج ہے کہ اسکولوں میں زیر تعلیم طلبا وطالبات اپنے والدین سے یہ حلف لیں گے  آئندہ 25 مئی کو ہونے والے انتخابات میں ووٹ دے کر ایک ذمہ دار شہری ہونے کا حق ادا کریں ۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی دارلحکومت دہلی کے اسکولوں میں تقسیم کئے گئے اس پرچہ میں یہ بھی درج ہے کہ طلبا و طالبات کس طرح اپنے والدین سے یہ حلف لیں گے  کہ وہ 25 مئی کو ہونے والے انتخابی سرگرمیوں میں شامل ہوکر اپنے ذمہ دارشہری ہونے کا حق اداکر سکتے ہیں اور جمہوریت کے اس عظیم الشان جشن میں شریک ہوسکتے ہیں ۔ اس پرچہ میں کہا گیا ہے کہ 18 سال کی عمر کے افراد اپنے حق رائے دہی کا استعمال ضرور کریں، تاکہ ملک میں رائج جمہوری نظام حکومت میں عملی طور پر ہماری حصہ داری ہو۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے تقسیم کئے گئے اس پرچہ کے بعد اسکولوں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات پرجوش ہیں اور وہ اپنے والدین سے یہ حلف رہے ہیں کہ انہیں ان کے اساتذہ نے بتایا ہے کہ کس طرح ووٹنگ کے عمل میں ہماری شرکت یقینی ہو اور ہم ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔

بھارت ایکسپریس۔