ٹی وی صحافی سومیا وشوناتھن کے 4 قاتلوں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
ٹی وی صحافی سومیا وشوناتھ کے قتل معاملے میں چارقصورواروں روی کپور، امت شکلا، بلجیت ملک، اجے کمارکوعمرقید کی سزا سنائی گئی ہے۔ قتل کی یہ واردات 30 ستمبر 2008 کی صبح جنوبی دہلی کے نیلسن منڈیلا مارگ پرانجام دی گئی تھی۔ جب ٹی وی صحافی سومیا وشوناتھن کام سے لوٹ رہی تھیں تو پولیس کے دعوے کے مطابق، ڈکیتی کے مقصد سے بدمعاشوں نے گولی مارکر سومیا کی جان لے لی تھی۔ اس معاملے میں سماعت مکمل ہونے کے بعد جمعہ کو ہی عدالت نے قصورواروں کی سزا پرفیصلہ 25 نومبرکے لئے محفوظ رکھ لیا تھا۔
سومیا وشوناتھن قتل معاملے میں ساکیت کورٹ نے قصوروارقرار دیئے گئے 4 ملزمین کو عمرقید کی سزا سنائی۔ ان پر عدالت نے 1.25 لاکھ روپئے کا جرمانہ بھی لگایا ہے۔ وہیں پانچویں ملزم اجے سیٹھی کو 3 سال کی سزا مقررکی ہے۔ عمرقید کی سزا پانے والوں میں ملزم روی کپور، امت شکلا، بجلیت ملک اور اجے کمار عرف اجے شامل ہیں۔ عدالت نے ان چاروں ملزمین روی کمار، امت شکلا، بلجیت ملک اوراجے کمارعرف اجے پر1.25 لاکھ کا جرمانہ بھی لگایا ہے۔
ٹرائل میں تقریباً ایک ماہ پہلے 18 اکتوبرکو ہی عدالت نے روی کپور، بلجیت ملک اور اجے کمارکوقتل کے الزام میں آئی پی سی کی دفعہ 302 اور مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (ایم سی اوسی اے) کے تحت قصوروار ٹھہرایا تھا۔ اس کے علاوہ اس معاملے میں ایک قصوروار اور بھی ہے۔ اجے سیٹھی عرف چاچا نامی اس شخص پرالزام ہے کہ اس نے منظم جرم میں شامل مجرمین کی جان بوجھ کرمدد کی۔ دراصل، قاتل جس کار میں سوار تھے، وہ چاچا کی تھی اور پولیس نے اس کے پاس سے برآمد کی تھی۔ عدالت نے اسے بے ایمانی سے جائیداد جمع کرنے کے جرم سے متعلق آئی پی سی کی دفعہ 411 کے ساتھ ساتھ ایم سی اوسی اے التزام کے تحت جرم کو بڑھاوا دینے، جان بوجھ کرمدد کرنے اور منظم جرم سے پیسہ کمانے کی سازش کا قصوروار مانا ہے۔
مارچ 2009 سے حراست میں ہیں پانچوں ملزم
پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے قتل کا مقصد لوٹ پاٹ تھا۔ قتل کے سلسلے میں 5 افراد روی کپور، امت شکلا، بلجیت ملک، اجے کمار اور اجے سیٹھی کو گرفتارکیا گیا، جوکہ مارچ 2009 سے حراست میں ہیں۔ پولیس نے ملزمین پرمکوکا لگایا تھا۔ بلجیت ملک اور دیگر دو ملزمین روی کپوراورامت شکلا کو 2009 میں آئی ٹی پروفیشنل جگیشا گھوش کے قتل معاملے میں قصوروار قرار دیا جاچکا ہے۔
-بھارت ایکسپریس