سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو۔ (فائل فوٹو)
لکھنؤ: اپوزیشن اتحاد ‘انڈیا’ کی میٹنگ سے ایک دن پہلے سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بدھ کے روز کہا کہ یہ اتحاد 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے جا رہا ہے اور ان کی پارٹی اور اتحادی کسی بھی انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ اکھلیش یادو نے بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر گزشتہ نو سالوں سے مہنگائی بڑھا کر عوام کی جیب کاٹنے کا الزام لگایا اور کہا کہ 400 روپے کا گیس سلنڈر 1100 روپے سے زیادہ میں فروخت کر وایا اور اب انتخابات سامنے دیکھ کر گیس سلنڈر کی قیمتوں میں صرف 200 روپے کی کمی کی گئی ہے۔” انہوں نے سوال کیا کہ اتنے سالوں سے مہنگے فروخت ہونے والے سلنڈر اور دیگر چیزوں کا منافع کس کی جیب میں جا رہا ہے۔
سیتا پور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایس پی صدر نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت کے پاس مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کا کوئی جواب نہیں ہے۔ آر ٹی آئی کے ذریعہ جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی اشیاء، تیل اور دالوں بشمول ڈیزل-پٹرول کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ بی جے پی حکومت (مرکز) متوسط طبقے اور غریبوں کی جیب کاٹ کر سرمایہ داروں کی تجوریاں بھر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان، نوجوان، مزدور اور غریب بی جے پی حکومت کی پالیسیوں اور فیصلوں سے ناراض اور غمزدہ ہیں۔ بی جے پی پر غریبوں کی امیدیں توڑنے کا الزام لگاتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی غریبوں کو غلام بنائے رکھنا چاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آرٹیکل 370 کے تحت حاصل خصوصی حیثیت کو ختم کرنا ایک اہم مسئلہ ہے نہ کہ ریاست کی بحالی: پی ڈی پی
ریاستی حکومت پر جھوٹے وعدے کرنے اور بے روزگاری میں اضافہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ایس پی صدر نے کہا، “حکومت نے دعویٰ کیا کہ انویسٹر سمٹ میں 33 لاکھ کروڑ روپے کے ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار کے خواب دکھائے لیکن زمین پر کہیں بھی سرمایہ کاری نظر نہیں آرہی۔ لکھنؤ سے لے کر مؤ، غازی پور، پوروانچل، بندیل کھنڈ اور یہاں سیتا پور تک، ہمیں کہیں بھی کوئی کارخانہ یا فیکٹری قائم ہوتی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت بے روزگاری پر جھوٹے اعداد و شمار پیش کرتی ہے۔
بنکروں کی سہولتیں چھین کر بجلی مہنگی کر دی: اکھلیش
انہوں نے کہا کہ گھوسی میں بی جے پی حکومت کے جتنے بھی وزیر الیکشن میں گئے ہیں وہ عوام کو اپنے کام اور حکومت کے بارے میں نہیں بتا رہے ہیں کہ مرکزی حکومت کے نو سال اور اتر پردیش کی بی جے پی حکومت کے 6 سالوں میں عوام کے لئے کیا کام کیا گیا ہے۔ اکھلیش یادو نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے بنکروں کی سہولتیں چھین کر بجلی مہنگی کر دی ہے، جبکہ ایس پی حکومت میں انہیں بجلی میں رعایت سمیت دیگر سہولیات مل رہی تھیں۔
بھارت ایکسپریس۔