Bharat Express

Money Laundering Case: ستیندر جین کو لگا بڑا جھٹکا، دہلی ہائی کورٹ میں ضمانت عرضی پھر خارج

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ستیندر جین کی ضمانت کی مخالفت کی تھی۔ ای ڈی نے دہلی ہائی کورٹ میں کہا کہ اگر ستیندر جین کو ضمانت دی جاتی ہے تو معاملے کے گواہوں کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔

ستیندر جین کی ضمانت عرضی دہلی ہائی کورٹ سے خارج ہوگئی ہے۔ (تصویر: اے این آئی)

منی لانڈرنگ معاملے میں جیل میں بند دہلی حکومت کے سابق وزیر ستیندر جین کو دہلی ہائی کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے دہلی حکومت کے سابق وزیر ستیندر جین کی ضمانت عرضی کو خارج کردیا ہے۔ جسٹس دنیش کمار شرما نے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے فیصلہ سنایا ہے۔ حالانکہ ای ڈی نے ستیندر جین کی ضمانت عرضی کی مخالفت کی تھی۔ ای ڈی نے دہلی ہائی کورٹ میں کہا کہ اگرستیندر جین کو ضمانت دی جاتی ہے تو معاملے کے گواہوں کی جان کو خطرہ ہوسکتا ہے۔ ساتھ ہی جانچ متاثر ہوسکتی ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے گزشتہ سال 30 مئی کو انہیں گرفتار کیا تھا اور اس وقت وہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔ ستیندر جین پر چار کمپنیوں کے ذریعہ رقم جمع کرنے کا الزام ہے۔ جسٹس دنیش کمار شرما جمعرات کو ان کی ضمانت عرضی پر فیصلہ سنایا۔ ہائی کورٹ نے جانچ ایجنسی اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر کے وکیل کی دلیلیں سننے کے بعد 21 مارچ کو ضمانت عرضی پر فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔

ستیندر جین نے اس سے پہلے عدالت سے کہا تھا کہ ان کے خلاف کوئی معاملہ نہیں بنتا اور وہ جانچ میں تعاون کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہون نے ترک دیا تھا کہ معاملے میں چارج شیٹ داخل ہونے کے بعد انہیں قید میں رکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔ عام آدمی پارٹی کے لیڈر نے گزشتہ سال 17 نومبر کو نچلی عدالت کے ذریعہ دیئے گئے فیصلے کو چیلنج دیا تھا۔ نچلی عدالت نے پہلی نظر میں جرم میں ستیندر جین کے ملوث ہونے کا اشارہ ملنے کی بنیاد پر ضمانت دینے سے انکار کردیا تھا۔

-بھارت ایکسپریس