انڈین ریوینیو سروس (IRS) کے افسر اور سابق این سی بی ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے نے دہلی ہائی کورٹ میں ہتک عزت کی پٹیشن دائر کی ہے۔ اپنی عرضی میں انہوں نے شاہ رخ خان، ان کی اہلیہ گوری خان اور ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ پر الزام لگایا ہے کہ حال ہی میں ریلیز ہونے والی ویب سیریز ’’The Bads Of Bollywood‘‘ ان کی شہرت کو مجروح کرنے کے مقصد سے بنائی گئی ہے۔ اس میں او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس اور دیگر اداروں کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
سیریز کو قرار دیا ’’جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی‘‘
سمیر وانکھیڑے نے آرین خان کی ہدایت میں بنائی گئی اس سیریز کو ’’جھوٹا، بدنیتی پر مبنی اور ہتک عزت آمیز‘‘ بتایا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس شو میں اینٹی ڈرگ ایجنسیز کو منفی اور گمراہ کن انداز میں دکھایا گیا ہے جس سے عوام کا اعتماد ان اداروں پر کم ہو سکتا ہے۔ وانکھیڑے نے الزام لگایا کہ یہ پروجیکٹ جان بوجھ کر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے ’’نسلی اور تعصب پر مبنی‘‘ انداز میں بنایا گیا ہے۔
قومی نشان کی توہین کا الزام
اپنی عرضی میں وانکھیڑے نے کہا کہ سیریز کے ایک منظر میں ایک کردار کو ’’ستیہ میو جیتے‘‘ کا نعرہ لگانے کے بعد فحش اشارہ کرتے دکھایا گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ عمل ’’قومی وقار توہین ایکٹ 1971‘‘ کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس پر تعزیری کارروائی ہونی چاہیے۔
ہرجانے کا مطالبہ
سمیر وانکھیڑے نے عدالت سے 2 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ رقم وہ ممبئی کے ٹاٹا میموریل کینسر اسپتال میں مریضوں کے علاج کے لیے عطیہ کریں گے۔
سیریز میں متنازعہ سین
اس سیریز میں ایک سین میں دکھایا گیا ہے کہ ایک افسر پارٹی میں گھستا ہے جہاں ایک شخص جائنٹ پیتے ہوئے پکڑا جاتا ہے۔ لیکن جب پتہ چلتا ہے کہ وہ بالی ووڈ سے تعلق نہیں رکھتا تو افسر اسے چھوڑ دیتا ہے۔ بعد میں اسی پارٹی میں افسر کو ایک اور شخص ملتا ہے جو صرف ڈرنک کر رہا ہوتا ہے، لیکن چونکہ وہ بالی ووڈ کا ہے اس لیے اسے فوراً گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ اس منظر کو ناظرین نے سمیر وانکھیڑے پر طنز کے طور پر دیکھا۔
آرین خان اور سمیر وانکھیڑے کا تنازعہ
یاد رہے کہ 2021 میں ممبئی کے کروز ڈرگس کیس کے دوران آرین خان کو این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے نے گرفتار کیا تھا۔ اس وقت یہ ایک ہائی پروفائل کیس بنا، لیکن بعد میں معاملہ اس وقت پلٹ گیا جب سی بی آئی نے وانکھیڑے پر الزام لگایا کہ انہوں نے خان فیملی سے نرم رویہ اختیار کرنے کے بدلے 25 کروڑ روپے رشوت مانگی تھی۔ سی بی آئی نے دعویٰ کیا کہ اس میں سے 50 لاکھ روپے دیے بھی گئے تھے لیکن سمیر وانکھیڑے نے ان الزامات سے انکار کیا۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



