Bharat Express DD Free Dish

Rahul Gandhi on Lathi-charge in Patna: ’’بے روزگار نوجوانوں کے لیے بی جے پی کا جواب- لاٹھیاں‘‘، پٹنہ میں لاٹھی چارج پر راہل گاندھی نے بہار حکومت کو گھیرا

جمعہ کے روز پٹنہ میں ہزاروں ٹیچر امیدواروں نے بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کی جانب سے ٹیچر بھرتی امتحان ٹی آر ای-4 کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کے مطالبے کو لے کر احتجاج کیا تھا۔

پٹنہ: پٹنہ میں چوتھے مرحلے کی اساتذہ بھرتی کے اشتہار جاری کرنے کے مطالبے کو لے کر احتجاج کر رہے امیدواروں پر مبینہ لاٹھی چارج کے ایک دن بعد راہل گاندھی نے بی جے پی کی قیادت والی ’ڈبل انجن‘ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے بہار پولیس کی کارروائی کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بہار پولیس نے روزگار کے مطالبے کو لے کر پرامن احتجاج کر رہے ٹیچر امیدواروں کو ایک بار پھر بے رحمی سے پیٹا ہے۔

’’بی جے پی کا جواب روزگار نہیں، لاٹھیاں ہیں‘‘

راہل گاندھی نے بے روزگار نوجوانوں کے تئیں حکومت کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے پاس نوجوانوں کے مسائل کا کوئی حل نہیں ہے، بلکہ ان کے ہاتھ میں نوکری دینے کے بجائے لاٹھیاں تھما دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’بے روزگار نوجوانوں کے لیے بی جے پی کا جواب صرف لاٹھیاں ہیں۔‘‘

بے روزگاری ملک کا سب سے بڑا مسئلہ: راہل

کانگریس لیڈر نے کہا کہ آج بے روزگاری ملک کے سامنے سب سے بڑا بحران بن چکی ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر بہار اور اترپردیش کے نوجوانوں پر پڑ رہا ہے۔ ان کے مطابق لاکھوں نوجوان ڈگریاں اور ہنر رکھنے کے باوجود در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، لیکن حکومت کو نہ ان کی فکر ہے اور نہ ان کے مستقبل کی۔

نوجوان اب خاموش نہیں رہیں گے: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے کہا کہ جب نوجوان اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے کے لیے سڑکوں پر نکلتے ہیں تو انہیں ملازمتیں دینے کے بجائے ان پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے نوجوان اب بی جے پی کے ’جھوٹ‘ سے تنگ آچکے ہیں اور اب خاموش نہیں رہیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کانگریس ہر قدم پر نوجوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

ٹی آر ای-4 نوٹیفکیشن کے مطالبے پر احتجاج

واضح رہے کہ جمعہ کے روز پٹنہ میں ہزاروں ٹیچر امیدواروں نے بہار پبلک سروس کمیشن (بی پی ایس سی) کی جانب سے ٹیچر بھرتی امتحان ٹی آر ای-4 کا نوٹیفکیشن فوری جاری کرنے کے مطالبے کو لے کر احتجاج کیا تھا۔ جے پی گولمبر کے قریب احتجاج اس وقت کشیدہ ہوگیا جب مظاہرین نے مبینہ طور پر بیریکیڈ توڑنے کی کوشش کی، جس کے بعد پولیس نے بھیڑ کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔

کئی طلبہ زخمی، ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل

اس واقعے میں کئی طلبہ زخمی ہوگئے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز اور تصاویر میں پولیس اہلکار مظاہرین کا تعاقب کرتے نظر آئے۔ کئی امیدواروں نے دعویٰ کیا کہ اس کارروائی میں انہیں چوٹیں آئیں۔ ایک سرکاری افسر کے مطابق تقریباً پانچ ہزار امیدواروں نے پٹنہ کالج سے بی پی ایس سی دفتر تک مارچ نکالا اور ٹی آر ای-4 نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read