Bharat Express

Eid Milad-un-Nabi 2024: صدر جمہوریہ نے عید میلاد النبی کے موقع پر پیش کی مبارکباد، دروپدی مرمو نے اپنے پیغام میں کہی یہ بات

مرمو نے کہا کہ پیغمبر محمد ﷺ نے معاشرے میں مساوات اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا، آپ نے لوگوں کو دوسروں کے ساتھ حسن سلوک کرنے اور انسانیت کی خدمت کرنے کی ترغیب دی۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو

نئی دہلی: عید میلاد النبی ﷺ پیر کے روز یوم ولادت رسول ﷺ کے موقع پر منایا جائے گا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے میلاد النبی کے موقع پر مبارکباد دی اور اپنا پیغام جاری کیا۔ اپنے پیغام میں صدر جمہوریہ نے کہا، ’’پیغمبر اسلام کے یوم ولادت کے موقع پر جو کہ میلاد النبی کے طور پر منایا جاتا ہے، میں تمام اہل وطن خصوصاً اپنے مسلمان بھائیوں اور بہنوں کو دلی مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ پیغمبر اسلام نے ہمیں محبت اور بھائی چارے کے جذبے کو مضبوط کرنے کی ترغیب دی۔

مرمو نے کہا، ’’پیغمبر محمد ﷺ نے معاشرے میں مساوات اور ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا، آپ نے لوگوں کو دوسروں کے ساتھ حسن سلوک کرنے اور انسانیت کی خدمت کرنے کی ترغیب دی۔ آئیے قرآن پاک کی مقدس تعلیمات کو اپنائیں اور ایک پرامن معاشرے کی تشکیل کے لیے عزم کریں۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم کی زندگی ہمیں باہمی محبت اور بھائی چارے کو مضبوط کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔

بتا دیں کہ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم اسلامی کیلنڈر کے تیسرے مہینے 12 ربیع الاول کو منایا جاتا ہے۔ یہ ایک خاص اسلامی تہوار ہے۔ دین اسلام میں عید میلاد النبی کا تہوار حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے یوم ولادت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن مسلمان اپنے علاقوں اور گھروں میں محفل ملاد کا انعقاد کرتے ہیں اور جلوس کا اہتمام کرتے ہیں۔

حضرت محمدﷺ کو آخری نبی مانا جاتا ہے۔ عید میلاد النبی کا تہوار اسلام پر یقین رکھنے والے لوگوں کو سماجی خدمت کے لیے تحریک دیتا ہے۔ اس دن لوگوں کو ضرورت مندوں اور غریبوں کی مدد کرنے کی ترغیب دی جاتی ہے۔

بھارت ایکسپریس۔