نئی دہلی :گجرات کے تاریخی اور مذہبی اہمیت کے حامل سومناتھ مندر کی تعمیرِ نو کے 75 سال مکمل ہونے پر پیر 11 مئی 2026 کو ’’سومناتھ سوابھیمان پرو‘‘ کے تحت شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پہلی مرتبہ وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں مندر کے شکھر پر ’’کمبھابھیشیک‘‘ کی مقدس رسم ادا کی گئی۔ اس تاریخی تقریب کے بعد وزیر اعظم نے سومناتھ مندر کی 75 سالہ تعمیرِ نو کی یاد میں ایک خصوصی ڈاک ٹکٹ اور 75 روپے کا یادگاری سکہ بھی جاری کیا۔ تقریب سے قبل وزیر اعظم مودی نے مندر میں خصوصی پوجا اور عبادت میں حصہ لیا۔اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ’’پربھاس پاٹن کا یہ مقدس مقام روحانی روشنی سے منور ہے۔ مہادیو کا یہ حسین منظر، پھولوں کی بارش، زعفرانی جھنڈوں کی شان، موسیقی اور رقص کی پیشکشیں، ویدک منتروں کی گونج اور سمندر کی لہروں کا شور ایسا محسوس کرا رہا ہے، جیسے پوری کائنات ایک آواز میں پکار رہی ہو ۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج دیووں کے دیوتا مہادیو کی مورتی کی تنصیب کے 75 برس مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم آج اُس دھام کی تعمیرِ نو کا جشن منا رہے ہیں جس کے دیوتا نے زہر پی کر نیل کنٹھ کا روپ اختیار کیا۔ سومناتھ امرت مہوتسو انہی کی کرپا کا نتیجہ ہے۔‘‘وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وہ کئی بار ایک عقیدت مند کے طور پر سومناتھ آئے اور یہاں سر جھکایا، لیکن اس بار کا تجربہ خاص روحانی کیفیت کا حامل رہا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ماہ قبل سومناتھ سوابھیمان پرو منایا گیا تھا اور اب جدید سومناتھ کی تعمیر کے 75 سال مکمل ہونے کا جشن منایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ صرف دو تقریبات نہیں بلکہ ہزار سالہ تہذیبی سفر کا احساس ہے، جسے محسوس کرنے کا موقع بھگوان شیو نے عطا کیا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ سومناتھ صرف ایک مندر نہیں بلکہ ہندوستانی تہذیب، عقیدے اور حوصلے کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’تاریخ میں اس مندر نے کئی حملے جھیلے۔ محمود غزنوی، علاؤالدین خلجی اور کئی حملہ آوروں نے اس کے وجود کو مٹانے کی کوشش کی، مگر وہ سومناتھ کی روحانی طاقت کو سمجھ نہ سکے۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’بار بار اس مندر کو توڑا گیا، لیکن یہ ہر مرتبہ پھر کھڑا ہوگیا، کیونکہ ہماری تہذیب جسم کو فانی مگر روح کو لازوال مانتی ہے۔ شیو تو خود کائنات کی روح ہیں، اسی لیے ہر دور میں لوگوں کے عزم اور ایمان میں شیو کی طاقت ظاہر ہوتی رہی۔‘‘ وزیر اعظم کے مطابق سومناتھ کا یہ امرت مہوتسو صرف ماضی کا جشن نہیں بلکہ آئندہ ہزار برسوں کے لیے ہندوستان کی تہذیبی اور روحانی تحریک کا پیغام بھی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


