ڈاکٹرسید مبین زہرا کی انگریزی کتاب ’زٹلی: اختلاف کی آواز‘ (Zatalli The Voice of Dissent) پرمذاکرہ کا انعقاد کیا گیا۔ جعفرزٹلی مغلیہ دورِزوال کے ایک بے باک شاعرتھے، انہیں اردو ادب میں پہلی مزاحمتی اوراختلافی آوازمانا جاتا ہے۔ انہوں نے روایتی درباری قصیدہ گوئی کے برعکس عوامی مسائل، معاشی بدحالی اورشاہی جبرکے خلاف طنزومزاح کوبطورہتھیاراستعمال کیا- انھوں نے اپنی شاعری کے ذریعے تین جدتیں پیدا کیں، ایک سیاسی جبر پرتنقید، دوسری معاشی بدحالی کی عکاسی اورتیسری روایتی ادب سے انحراف۔ زٹلی نے اورنگزیب کے آخری دوراوران کے جانشینوں کے عہد میں سلطنت کی خانہ جنگی اورنااہلی کوکھل کرتنقید کا نشانہ بنایا۔
جعفرزٹلی کے کلام میں مہنگائی، بے روزگاری اورعام آدمی کی کسمپرسی کا بے لاگ بیان ملتا ہے، جس نے آگے چل کراردومیں شہرآشوب کی صنف کوبنیاد فراہم کی۔ درباری آداب اورمصلحت پسندی کومسترد کرتے ہوئے انہوں نے فارسی اوراردوکے امتزاج سے ایک کُھردَرا، عوامی اورطنزیہ لہجہ اپنایا۔ اس آزادی اظہارکی قیمت انھیں اپنی جان دے کرچکانی پڑی۔ اس اعتبارسے وہ اردوادب کے پہلے ادبی شہید کہلاتے ہیں۔ انھوں نے اس وقت کے حالات کے مد نظراپنے الفاظ کوزہرآلود کیا۔ اورنگ زیب کے بعد جوحالات پیدا ہوگئے تھے، اس کی تاریخ ان کے کلام میں موجود ہے۔ ان خیالات کا اظہارپروفیسرمحمد زاہد الحق، ڈائریکٹرخدا بخش لائبریری نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کیا۔
ڈاکٹرسید مبین زہرا نے اس کتاب کے ذریعہ مغلیہ دورزوال کوسمجھنے کی کوشش بتایا
ڈاکٹرسید مبین زہرا نے اپنی کتاب کا تفصیلی تعارف کراتے ہوئے کہا کہ میں نے اس کتاب کے ذریعہ مغلیہ دورزوال کوسمجھنے کی کوشش کی ہے اورپانچ ابواب، خاندان اورگھریلوزندگی: مغلیہ عہد کا تناظر، ہجوگو‘ شاعراوراردوکا پہلا طنزنگار، جعفرزٹلی کی شاعری میں فحاشی سے آگے کے پہلو، جعفرزٹلی: اختلافِ رائے کی شاعرانہ آوازاورجنسی اظہار، قائم کرایک مکمل شخصی وادبی خاکہ پیش کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انھوں نے اس کا بھی خلاصہ کیا کہ کن کن ماخذات کی روشنی میں یہ تحقیق پیش کی گئی ہے۔
اردوکی خوش بختی کہ اردوکا آدمی انگریزی میں آگیا: پروفیسرظفرکمالی
پروفیسرظفرکمالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردوکے لیے یہ خوش بختی کی بات ہے کہ اردوکا آدمی انگریزی میں آگیا ہے۔ کل جس کوسب نے نکاردیا تھا، آج وہ ہم کونکاررہے ہیں۔ انھوں نے ایک پتے کی بات بتائی کہ اردو میں مقتول شاعرکم ہوئے ہیں اورجعفرزٹلی پہلا مقتول شاعرہے۔ تذکرہ نگاراس کی ذہانت کے قائل ہیں، اگروہ زٹل نہ ہوتے تواپنے وقت کے ملک الشعرا ہوتے۔ ان کے طنزیہ کلام میں آہیں ہیں جواس وقت کا سچا آئینہ دارہے۔ انھوں نے اپنے کلام میں ایسے ایسے نا زیبا الفاظ استعمال کئے ہیں جوطبع نازک پرگراں گزرتے ہیں، لیکن لذت کوشی کا شائبہ تک نہیں ہے۔ ان کی شاعری کے ساتھ ساتھ ان کی نثرکوبھی پڑھنا چاہئے، انھوں نے اپنی نثرمیں اس وقت کے معاشرہ کوننگا کردیا ہے۔
خدا بخش لائبریری نے کتابوں کوموضوع بناکرایک اہم قدم اٹھایا: پروفیسرصفدرامام قادری
اردو کے معروف ناقد و محقق پروفیسرصفدرامام قادری نے اپنے صدارتی کلمات میں بتایا کہ خدا بخش لائبریری نے کتابوں کوموضوع بناکرایک اہم قدم اٹھایا ہے اوراس طرح کی تقریب آیندہ بھی ہونی چاہئے۔ زیرمذاکرہ کتاب کے تعلق سے انھوں نے بڑی اہم باتیں کیں اوراس کا اظہارکیا کہ اس کتاب میں اردوماخذات کی کمی نظرآتی ہے، بہترہوتا کہ اردوکے اہم ماخذات بھی اس تحقیق میں شامل کر لئے جاتے۔ تاہم یہ کتاب اپنے موضوع کا حق ادا کرتی نظرآتی ہے۔ مصنفہ نے جعفرزٹلی کے پردے میں اٹھارہویں صدی کے سیاسی، سماجی، معاشی اورادبی حالات پرگہری نظرڈالی ہے۔ پہلی بارجعفرزٹلی کوتاریخ کے حوالے سے پیش کیا گیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


