نئی دہلی: پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے اختتام سے قبل جمعرات کو شانتِی بل 2025 کی منظوری کو حکومت ہند نے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اس اہم قانون کے پاس ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے بھارت کے تکنیکی اور توانائی کے مستقبل کے لیے ایک ”تبدیلی ساز لمحہ“ بتایا۔ شانتِی بل، جس کا مکمل نام دی سسٹین ایبل ہارنیسنگ اینڈ ایڈوانسمنٹ آف نیوکلیئر انرجی فار ٹرانسفارمنگ انڈیا بل 2025 ہے، بدھ کے روز لوک سبھا اور جمعرات کو راجیہ سبھا سے منظور ہو گیا۔ اب یہ بل صدر جمہوریہ کے دستخط کے بعد قانون کی شکل اختیار کرے گا۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی جانب سے شانتِی بل کی منظوری ہمارے ٹیکنالوجی اور توانائی کے منظرنامے کے لیے ایک نہایت اہم قدم ہے۔ انہوں نے بل کی منظوری میں تعاون کرنے والے تمام اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم کے مطابق یہ قانون ملک کو صاف اور پائیدار توانائی کی سمت میں تیز رفتار ترقی فراہم کرے گا۔
اپنی پوسٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ مصنوعی ذہانت کو محفوظ طریقے سے استعمال کرنے سے لے کر گرین مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے تک، یہ بل بھارت اور دنیا کے لیے صاف توانائی کے مستقبل کو مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شانتِی بل نجی شعبے اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع کے دروازے کھولے گا اور سرمایہ کاری، اختراع اور ترقی کے لیے بھارت کو ایک پرکشش مرکز بنائے گا۔ وزیر اعظم مودی نے زور دے کر کہا کہ موجودہ وقت بھارت میں سرمایہ کاری اور ترقی کے لیے نہایت موزوں ہے۔
اس سے قبل مرکزی وزیر مملکت برائے سائنس و ٹیکنالوجی جتیندر سنگھ نے پارلیمنٹ میں بل کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ قانون نجی کمپنیوں کے لیے نیوکلیئر توانائی کے شعبے میں شمولیت کی راہ ہموار کرے گا۔ ان کے مطابق حکومت کا ہدف ہے کہ سال 2047 تک بھارت 100 گیگاواٹ نیوکلیئر توانائی کی صلاحیت حاصل کرے، جس میں شانتِی بل کلیدی کردار ادا کرے گا۔
جتندر سنگھ نے مزید کہا کہ یہ بل بھارت کی طویل مدتی توانائی اور موسمیاتی حکمت عملی سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔ حکومت نے 2070 تک کاربن اخراج میں نمایاں کمی لانے کا جو ہدف مقرر کیا ہے، اس کے حصول میں نیوکلیئر توانائی کو ایک اہم ستون مانا گیا ہے۔ بل کے تحت ملکی نیوکلیئر وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال، عوامی و نجی شعبے کی شراکت داری اور بھارت کو عالمی نیوکلیئر توانائی کے ماحولیاتی نظام میں ایک مؤثر شراکت دار بنانے پر زور دیا گیا ہے۔ حکومت کے مطابق شانتِی بل بھارت کے توانائی کے مستقبل کو محفوظ اور پائیدار بنانے کی سمت ایک مضبوط قدم ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



