مالے—وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز مالدیپ کے نائب صدر حسین محمد لطیف سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری اور مستقبل کی مشترکہ ترجیحات پر مرکوز رہی، جس میں بنیادی ڈھانچہ، توانائی، ٹیکنالوجی اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبے زیر بحث آئے۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ان کی نائب صدر لطیف سے ہونے والی گفتگو خوشگوار رہی اور دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-مالدیپ دوستی کے اہم ستونوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مودی نے کہا کہ ہمارے ممالک بنیادی ڈھانچے، ٹیکنالوجی، ماحولیاتی تبدیلی اور توانائی جیسے شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھے ہوئے ہیں، جو دونوں ملکوں کی عوام کے لیے انتہائی سودمند ہے۔ ہم مستقبل میں اس شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔
Had a very good meeting with Vice President Uz. Hussain Mohamed Latheef. Our discussion touched upon key pillars of the India-Maldives friendship. Our nations continue to work closely in sectors like infrastructure, technology, climate change, energy and more. This is greatly… pic.twitter.com/QR60E7wLJ2
— Narendra Modi (@narendramodi) July 26, 2025
دیرینہ دوستی کی نئی جہتیں
وزیر اعظم مودی صدر محمد معیضو کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر مالدیپ پہنچے ہیں۔ اس دورے میں وہ مالدیپ کی آزادی کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کر رہے ہیں۔ جمعہ کو ان کے اعزاز میں دیے گئے ضیافت سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ ہندوستان-مالدیپ رشتے محض سفارتی نہیں بلکہ صدیوں پر محیط تاریخی اور تہذیبی ہم آہنگی کے عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم صرف ہمسائے نہیں بلکہ سچے دوست ہیں، جو ہر ضرورت کے وقت ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ مالدیپ ہندوستان کی ‘نیبرہُڈ فرسٹ’ پالیسی میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔
اقتصادی اور بحری سلامتی شراکت داری کا وژن
خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے جمعہ کو ایک خصوصی بریفنگ میں کہا کہ اس دورے نے دونوں ممالک کو اپنے باہمی تعاون کا جائزہ لینے اور اسے مزید وسعت دینے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں فریقین نے ’ہندوستان-مالدیپ جامع اقتصادی اور بحری سلامتی شراکت داری‘ کے وژن پر تبادلہ خیال کیا اور اس کے مختلف پہلوؤں پر عمل درآمد جاری رکھنے اور تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
آٹھ اہم معاہدوں پر دستخط
جمعہ کو وزیر اعظم مودی اور صدر معیزو کی موجودگی میں آٹھ کلیدی معاہدے طے پائے، جن میں لائن آف کریڈٹ، قرض کی ادائیگی، ماہی گیری، ڈیجیٹل تبدیلی اور ’یونائیفائیڈ پیمنٹس انٹرفیس‘ (UPI) شامل ہیں۔ یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تکنیکی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی سمت ایک اہم قدم ہیں۔ یہ دورہ نہ صرف دو طرفہ تعلقات کی گہرائی کو اجاگر کرتا ہے بلکہ آئندہ برسوں میں تعاون کے نئے باب کھولنے کے لیے راہ ہموار کرتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


