کولکاتا (مغربی بنگال): وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز کولکاتا میں تقریباً 18,680 کروڑ روپے مالیت کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں کا مقصد مغربی بنگال اور پورے مشرقی ہندوستان میں تجارت، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینا ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ منصوبے مغربی بنگال اور مشرقی ہندوستان کو نئی رفتار دیں گے اورلاکھوں لوگوں کے لیے روزگار اور ترقی کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔ مودی نے کہا کہ کھڑگپور–مورگرام ایکسپریس وے کی تکمیل سے ریاست کے مختلف علاقوں میں معاشی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ریلوے نیٹ ورک کو جدید بنانے کی مہم تیزی سے جاری ہے اور مرکز کی کوشش ہے کہ اس عمل میں مغربی بنگال پیچھے نہ رہ جائے۔ اسی لیے مرکزی حکومت ریاست کے ریلوے بنیادی ڈھانچے کو تیزی سے وسعت دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
بندرگاہوں اور آبی نقل و حمل کی ترقی
وزیر اعظم نے کہا کہ مشرقی ہندوستان کی ترقی میں بندرگاہوں اور آبی نقل و حمل کا کردار نہایت اہم ہے، لیکن کئی دہائیوں تک اس صلاحیت کو نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اب آبی راستے تجارت اور صنعتی ترقی کے لیے نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ہلدیہ ڈاک کمپلیکس میں برث نمبر 2 کی میکانائزیشن کا کام جاری ہے، جس سے کارگو آپریشن تیز ہوں گے، بندرگاہ کی گنجائش بڑھے گی اور تجارت کے لیے نئی سہولتیں پیدا ہوں گی۔ اس کے علاوہ کھدرپور ڈاکس کی بحالی کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
420 کلومیٹر طویل قومی شاہراہ منصوبے
ان ترقیاتی منصوبوں میں 420 کلومیٹر سے زیادہ طویل قومی شاہراہوں کے منصوبے بھی شامل ہیں، جن پر تقریباً 16,990 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں سے سڑکوں کی حفاظت بہتر ہوگی، سفر کا وقت کم ہوگا اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ کھڑگپور–مورگرام اکنامک کوریڈور کے بننے سے سفر کا فاصلہ تقریباً 120 کلومیٹر کم ہو جائے گا اور 7 سے 8 گھنٹے کا وقت بچے گا۔ اسی طرح دوبراج پور بائی پاس سے شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
ریلوے منصوبے اور اسٹیشنوں کی جدید کاری
ریلوے کے شعبے میں کئی منصوبے شامل ہیں جن میں پورولیا–دہلی ایکسپریس کا آغاز، چھ ریلوے اسٹیشنوں کی ازسرنو ترقی اور دو نئی ریلوے لائنوں کی تعمیر شامل ہے۔ ان اقدامات سے رابطہ بہتر ہوگا اور ریلوے سفر زیادہ محفوظ اور تیز ہو سکے گا۔ ان تمام منصوبوں کا مقصد مغربی بنگال میں اقتصادی ترقی، بہتر رابطہ اور بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کو یقینی بنانا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


