وزیر اعظم نریندر مودی 25 اور 26 اگست کو دو روزہ دورے پر گجرات پہنچیں گے۔ اس دوران وہ پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) کے تحت 133.42 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ 1,449 مکانات اور 130 دکانوں کا افتتاح کریں گے۔ یہ منصوبہ احمد آباد کے نکول علاقے سے شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد کچی بستیوں میں رہنے والے شہریوں کو بہتر سہولیات کے ساتھ پکے اور محفوظ مکانات فراہم کرنا ہے۔
پی ایم مودی احمد آباد شہر کے مغربی زون کے سردار پٹیل اسٹیڈیم وارڈ میں راما پیر ٹیکرا کے نام سے مشہور کچی آبادی کے سیکٹر-3 میں 133.42 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیے گئے کل 1,449 مکانات اور 130 دکانوں کی بحالی کے کام کا افتتاح کریں گے۔ یہ پروجیکٹ حکومت گجرات کے شہری ترقی اور شہری مکانات کے محکمے کی کچی آبادیوں کی بحالی اور تعمیر نو کی پالیسی-2013 کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔
اب تک 9.66 لاکھ مکانات کو دی جا چکی ہے منظوری
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل کی قیادت میں گجرات نے شہری آواس منصوبے میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ ریاست میں اب تک 9.66 لاکھ مکانات کی منظوری دی جا چکی ہے، جن میں سے 9.07 لاکھ مکانات مکمل ہو چکے ہیں۔ گجرات نے 2019 میں چھ اور 2022 میں سات قومی ایوارڈز حاصل کیے۔ دیہی علاقوں میں بھی آواس یوجنا کے تحت 2016 سے 2025 تک 6 لاکھ مکانات مکمل ہو چکے ہیں، جب کہ مزید 2.39 لاکھ زیر تعمیر ہیں۔ ریاستی حکومت نے 2025-26 سے ہر مستحق کو 50,000 روپے اضافی مدد فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
مزید برآں ’مکھیہ منتری پروتساہک سہائے یوجنا‘ کے تحت چھ ماہ میں مکان مکمل کرنے والے مستحقین کو 20,000 روپے کا انعام دیا جاتا ہے، جب کہ خواتین کو بیت الخلاء کی تعمیر کے لیے 5,000 روپے اضافی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ اب تک ہزاروں مستحقین اس اسکیم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔ گجرات ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے 2020 میں شروع ہونے والی ’’افورڈیبل رینٹل ہاؤسنگ‘‘ اسکیم کے تحت پروجیکٹ کی منظوری حاصل کی۔ اس کے علاوہ راجکوٹ میں عالمی ہاؤسنگ ٹیکنالوجی چیلنج کے تحت 1,144 مکانات جدید تکنیک سے تیار کیے گئے ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


