دہرادون (اتراکھنڈ): وزیراعظم نریندر مودی نے اتوار کو دہرادون میں ریاست کے قیام کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتراکھنڈ تیزی سے ترقی کی راہ پر ہے اور یہاں سیاحت کا شعبہ نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج اتراکھنڈ میں روزانہ ہوائی جہازکے ذریعے تقریباً چار ہزار سیاح پہنچ رہے ہیں، جبکہ ریاست کے قیام کے وقت اتنے ہی سیاح چھ ماہ میں آتے تھے۔ وزیراعظم نے کہا، ’’25 سال پہلے چھ ماہ میں چار ہزار سیاح ہوائی جہاز سے اتراکھنڈ آتے تھے۔ آج اتنے ہی سیاح روزانہ آ رہے ہیں۔ گزشتہ 25 سال میں انجینئرنگ کالجوں کی تعداد دس گنا بڑھی ہے۔ پہلے صرف ایک میڈیکل کالج تھا، آج دس ہیں۔‘‘
اتراکھنڈ کی اصل شناخت روحانی طاقت
وزیراعظم مودی نے کہا کہ اتراکھنڈ کی اصل شناخت اس کی روحانی طاقت ہے اوراگر ریاست سنجیدگی سے منصوبہ بنائے تو آنے والے چند برسوں میں یہ دنیا کا روحانی دارالحکومت بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا: ’’یہاں کے مندر، آشرم، یوگ اور مراقبے کے مراکز دنیا بھر کی روحانیت کے نیٹ ورک سے جوڑے جا سکتے ہیں۔ بھارت اور بیرون ملک سے لوگ پہلے ہی شفا، یوگ اور سکون کے لیے یہاں آتے ہیں۔‘‘
آٹھ ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹس
وزیراعظم نے تقریب کے دوران 8140 کروڑ روپے سے زائد کی ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں میں پینے کے پانی، آبپاشی، توانائی، شہری ترقی، تکنیکی تعلیم، کھیل اور ہنر مندی کے شعبے شامل ہیں۔ افتتاح کیے گئے منصوبوں میں دہرادون کے 23 علاقوں میں اے ایم آر یو ٹی اسکیم کے تحت پانی کی فراہمی، پیتھورا گڑھ میں الیکٹرک سب اسٹیشن، سرکاری عمارتوں میں سولر پلانٹس، اور ہلدوانی اسٹیڈیم میں ایسٹرو ٹرف ہاکی گراؤنڈ شامل ہیں۔
سنگ بنیاد رکھے گئے اہم منصوبے:
سونگ ڈیم ڈرنکنگ واٹر پروجیکٹ (دہرادون کے لیے روزانہ 150 ایم ایل ڈی پانی)
جمارانی ملٹی پرپز ڈیم (نینی تال میں آبپاشی، پانی اور بجلی کی پیداوار)
اس کے ساتھ ہی وزیراعظم نے پی ایم فصل بیمہ یوجنا کے تحت 62 کروڑ روپے کی امدادی رقم 28 ہزار سے زائد کسانوں کے بینک کھاتوں میں براہ راست منتقل کی۔
یوگ، آیوروید اور جڑی بوٹیوں کا عالمی مرکز
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 25 سال میں اترکھنڈ نے خوشبودار پودوں، آیورویدک ادویات، یوگا مراکز اور نیچروپیتھی مراکز میں شاندار پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہر اسمبلی حلقے میں یوگ، آیوروید اور نیچروپیتھی کا مکمل پیکج تیار کیا جائے، جس سے عالمی سطح کے سیاح بڑی تعداد میں متوجہ ہوں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



