Bharat Express DD Free Dish

PM Modi extends Onam greetings to people: اونم کیرالا کی لازوال وراثت اور شاندار روایات کی عکاس ہے، وزیراعظم مودی کی عوام کو مبارکباد

اونم تہوار اتحاد، امید اور ثقافتی فخر کی علامت، سماجی ہم آہنگی اور قدرت سے تعلق کو مضبوط کرنے کی ضرورت، یہ موقع ہمارے معاشرے میں ہم آہنگی کے جذبے کو مضبوط کرے اور قدرت سے ہمارے تعلق کو مزید گہرا بنائے:وزیراعظم

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے اونم کے موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار کیرالا کی لازوال وراثت اور شاندار روایات کی نمائندگی کرتا ہے۔ وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پیغام میں کہا: ’’سب کو اونم کی بہت بہت مبارکباد! یہ خوبصورت تہوار آپ سب کے لیے نئی خوشیاں، اچھی صحت اور بے پناہ خوشحالی لے کر آئے۔ اونم کیرالا کی لازوال وراثت اور شاندار روایات کی عکاس ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ تہوار اتحاد، امید اور ثقافتی فخر کی علامت ہے۔ ’’یہ موقع ہمارے معاشرے میں ہم آہنگی کے جذبے کو مضبوط کرے اور قدرت سے ہمارے تعلق کو مزید گہرا بنائے۔‘‘

دس دن پر مشتمل ہوتا ہے یہ تہوار

اونم کیرالا اور دنیا بھر میں موجود ملیالی برادری کا 10 روزہ فصل کٹائی کا تہوار ہے۔ اس سال اونم کی تقریبات 26 اگست سے شروع ہوئیں اور آج تھروونم کا دن ہے، جو اس تہوار کا آخری اور سب سے اہم دن ہے۔ یہ جشن کیرالا کے لوگوں کے لیے نئے سال ’کولا ورشم‘ کا آغاز بھی ہے۔ اونم کی تقریبات برابری، انصاف اور خوشحال معاشرے کی اقدار سے وابستہ ہیں، جن میں سماجی یکجہتی، حکمرانوں کی عوام کے تئیں جوابدہی اور مساوات پر زور دیا جاتا ہے۔

مذہبی عقیدت اور بادشاہ مہابلی کی کہانی

ہندو مذہبی عقیدے کے مطابق، کیرالا کے عظیم حکمران بادشاہ مہابلی کو دیوتاؤں کی حسد کی وجہ سے اپنی سلطنت چھوڑنی پڑی۔ بھگوان وشنو نے وامن اوتار (ایک بونے برہمن) کی شکل میں بادشاہ کو دھوکے سے اپنی تمام زمین دینے پر راضی کیا۔ اس کے بعد بادشاہ مہابلی کو نچلی دنیا میں بھیج دیا گیا، لیکن انہیں یہ وردان ملا کہ وہ سال میں ایک بار اپنی سرزمین پر لوٹ سکتے ہیں۔ اونم کا تہوار بادشاہ مہابلی کی اسی واپسی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

رقص، ضیافت اور ثقافتی سرگرمیاں

کیرالا بھر میں لوگ اس موقع پر رقص، تقاریب اور تفریحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ یہ موقع تاجروں کے لیے بھی اہم ہوتا ہے، جو خریداری، کھانے اور سجاوٹ پر دل کھول کر خرچ کرتے ہیں۔ گھروں میں روایتی پکوان تیار کیے جاتے ہیں اور رشتہ داروں و دوستوں میں تقسیم کیے جاتے ہیں۔ اونم کے دوران تیار کی جانے والی سب سے مشہور ضیافت ’اونسادیا‘ ہے، جو ایک خاص سبزی خور دستر خوان ہوتا ہے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read