Bharat Express

PM Modi Degree Case: وزیر اعظم مودی کی ڈگری مانگے جانے کے معاملے میں ہائی کورٹ کا فیصلہ، اروند کیجریوال پر لگایا جرمانہ

 وزیر اعظم نریندر مودی کی ڈگری مانگے جانے کے معاملے میں گجرات ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پی ایم اوکو ان کے گریجویشن کی ڈگری دینے کی ضرورت نہیں ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال۔ (فائل فوٹو)

PM Modi Degree Case: وزیراعظم نریندر مودی کی ڈگری مانگے جانے کے معاملے میں گجرات ہائی کورٹ نے جمعہ کے روزاپنا فیصلہ سنایا۔ ہائی کورٹ نے مرکزی اطلاعات کمیشن (سی آئی سی) کے اس حکم کو خارج کردیا، جس میں گجرات یونیورسٹی کو دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو وزیراعظم نریندرمودی کی ڈگری کے بارے میں جانکاری دینے کا حکم دیا گیا تھا۔

جسٹس بیرین ویشنو نے کہا کہ وزیراعظم دفر (پی ایم او) کو ان کی گریجویشن کی ڈگری کا سرٹیفکیٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ عدالت نے دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال پر25,000 روپئے کا جرمانہ بھی لگایا ہے۔ وزیراعلیٰ کیجریوال نے وزیراعظم کے ڈگری سرٹیفکیٹ کی تفصیل مانگی تھی۔

گجرات ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا،”کیا ملک کو یہ جاننے کا بھی حق نہیں ہے کہ ان کے وزیراعظم کتنے پڑھے ہیں؟ عدالت میں انہوں نے ڈگری دکھائے جانے کی زبردست مخالف کی۔ کیوں؟ اور ان کی ڈگری دیکھنے کا مطالبہ کرنے والوں پرجرمانہ لگا دیا جائے گا؟ یہ کیا ہو رہا ہے؟ غیرتعلیم یافتہ یا کم پڑھے لکھے وزیراعظم ملک کے لئے بے حد خطرناک ہیں۔”

واضح رہے کہ گجرات یونیورسٹی نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرکے آرٹی آئی قانون کے تحت وزیراعظم مودی کی ڈگری کی جانکاری وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو دستیاب کرانے کے حکم کو منسوخ کرنے کی گزارش کی تھی۔

سال 2016 کے اپریل میں اس وقت سی آئی سی ایم شری دھر آچاریولو نے دہلی ہونیورسٹی اور گجرات یونیورسٹی کو وزیراعظم مودی کو دی ڈگریوں کے بارے میں وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کو جانکاری دینے کے احکامات دیئے تھے۔ اس کے تین ماہ بعد گجرات ہائی کورٹ نے سی آئی سی کے حکم پر روک لگا دی، جب یونیورسٹٰ نے اس حکم کے خلاف عرضی داخل کی۔

سی آئی سی کا یہ حکم وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی طرف سے آچاریولو کو لکھے گئے خط کے بعد آیا تھا، جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں سرکاری ریکارڈ کو عوامی کئے جانے پر کوئی اعتراض نہیں ہے اور حیرانی ہے کہ کمیشن وزیراعظم مودی کی تعلیمی اہلیت کے بارے میں جانکاری کو چھپانا کیوں چاہتا ہے؟

-بھارت ایکسپریس