وزیرِاعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز نیپال کی عبوری وزیرِاعظم کے طور پر سشیلا کارکی کی تقرری پر انھیں دلی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ نپال کو امن، استحکام اور خوش حالی کی راہ پر گامزن کریں گی۔ امپھال میں عوامی خطاب کے دوران پی ایم مودی نے کہا کہ ’’نپال بھارت کا قریبی دوست ہے اور مجھے امید ہے کہ عبوری وزیرِاعظم نپال میں استحکام کو یقینی بنائیں گی۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سشیلا کارکی نیپال کی پہلی خاتون وزیرِاعظم بنی ہیں، جو خواتین کے بااختیار ہونے کی ایک شاندار مثال ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’’میں سشیلا جی کو نیپال کی عبوری حکومت کی وزیرِاعظم بننے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ نیپال کو امن، استحکام اور ترقی کی راہ پر لے جائیں گی۔ ان کا پہلی خاتون وزیرِاعظم کے طور پر حلف اٹھانا خواتین کو بااختیار بنانے کی ایک قابلِ فخر مثال ہے۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے نیپال کے نوجوانوں، خاص طور پر جنریشن زی (Gen Z) کو بھی سراہا، جنھوں نے حالیہ مظاہروں کے بعد ملک میں جمہوری اقدار کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نپال کے ہر اس شخص کی تعریف کرتا ہوں جس نے اتنے غیر یقینی حالات میں بھی جمہوری اصولوں کو سب سے اوپر رکھا۔ پچھلے کچھ دنوں سے نیپالی نوجوان ملک کی سڑکوں کو صاف اور رنگ و روغن کر رہے ہیں، ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر دیکھنے کو ملی ہیں۔‘‘
وزیرِاعظم مودی نے کہا کہ یہ مثبت سوچ نیپال کے ایک نئے دور کے آغاز کا اشارہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ان کا مثبت رویہ اور کام صرف حوصلہ افزا نہیں بلکہ نیپال کے نئے عروج کا واضح پیغام ہے۔ میں نیپال کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘ واضح رہے کہ سشیلا کرکی کو جمعے کے روز نیپال کی عبوری وزیرِاعظم کے طور پر حلف دلایا گیا۔ یہ فیصلہ ملک میں سوشل ویب سائٹس پر پابندی اور سیاسی جمود کے خلاف جنریشن زی کی ملک گیر احتجاجی تحریک کے بعد سامنے آیا۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔





