یروشلم میں اتوار کے روز ہوئے حملے میں پانچ افراد کی ہلاکت اور 12 کے زخمی ہونے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کے ہر روپ اور شکل کی مخالفت کرتا ہے اور اس کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر قائم ہے۔ وزیر اعظم مودی نے پیر کو دیر رات سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’یروشلم میں معصوم شہریوں پر وحشیانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔ بھارت دہشت گردی کی تمام صورتوں کی مذمت کرتا ہے اور اس کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر سختی سے قائم ہے۔‘‘
نیتن یاہو نے پی ایم مودی کا شکریہ ادا کیا
اس پیغام پر اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ نیتن یاہو نے وزیر اعظم مودی کے پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ، جو اسرائیل کے ساتھ اور دہشت گردی کے اس عذاب کے خلاف کھڑے ہیں، جو ہم سب کے لیے خطرہ ہے۔‘‘
Thank you Prime Minister @narendramodi for standing with Israel and against the scourge of terror that threatens us all. 🇮🇱🇮🇳 https://t.co/aeVC0hvG0Z
— Prime Minister of Israel (@IsraeliPM) September 8, 2025
واضح رہے کہ یروشلم کے راموت جنکشن پر ہونے والے حملے میں حملہ آوروں نے ایک بس میں سوار ہو کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔ سات زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق دونوں حملہ آور مغربی کنارے کے فلسطینی تھے، جنھوں نے غیر قانونی طور پر تیار کردہ ’’کارلو‘‘ سب مشین گن استعمال کی۔ یہ ہتھیار ماضی میں بھی کئی حملوں میں استعمال ہو چکا ہے۔
یہ حملہ اسرائیلی بربریت کے خلاف فطری ردعمل ہے: حماس
دونوں دہشتگردوں کو موقع پر ہی گولی مار کر ڈھیر کر دیا گیا۔ اس حملے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم نے سیکیورٹی حکام کے ساتھ ہنگامی اجلاس کیا اور صورت حال کا جائزہ لیا۔ اس حملے پر ردعمل دیتے ہوئے جہاں اپوزیشن لیڈر یائر لاپڈ نے سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کی حمایت کی ہے، وہیں شدت پسند دائیں بازو کے سیاستدانوں نے فلسطینیوں کے خلاف ’’مکمل جنگ‘‘ شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب حماس نے اس حملے کو ’’قابلِ فخر کارروائی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسرائیل کے فلسطین پر قبضے کے جرائم کا فطری ردعمل ہے۔ تنظیم نے اگرچہ حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، مگر مغربی کنارے کے فلسطینیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی قابض قوتوں کے خلاف مزاحمت میں شدت لائیں۔ دریں اثنا اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) نے حملے کے بعد رام اللہ کے اطراف میں کئی فلسطینی دیہاتوں کو گھیرے میں لینے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



