Bharat Express

Pension For People Jailed During Emergency: ایمرجنسی میں جیل جانےوالوں کو 20ہزار روپئے کا پنشن دے گی حکومت،مفت میں ہوگاعلاج، اس ریاست کی حکومت نے کیا اعلان

ریاستی حکومت نے کافی غور و فکر کے بعد 25جون 1975 سے لیکر 21مارچ 1977 کی مدت کے دوران میسا یا ڈی آئی آر یا ڈی آئی ایس آئی آر کے تحت اوڈیسہ کے جیلوں میں بند لوگوں کو پنشن  اور دیگر مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

آج بھی کانگریس پارٹی کو ایمرجنسی کو لے کر اپوزیشن پارٹیوں کے تند و تیز سوالات اور تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب ایک ریاست کی حکومت نے ایمرجنسی کے دوران جیل کی سزا کاٹنے والے لوگوں کے لیے پنشن اسکیم شروع کی ہے۔ اس اسکیم کے تحت حکومت اس مدت کے دوران جیل جانے والے لوگوں کو 20,000 روپے ماہانہ پنشن دے گی۔ اس کے علاوہ ان لوگوں کا مفت علاج بھی کیا جائے گا۔ یہ ریاستی حکومت کوئی اور نہیں بلکہ اڈیشہ کے موہن چرن ماجھی کی حکومت ہے۔اوڈیشہ میں بی جے پی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ایمرجنسی کے دوران ریاست کی مختلف جیلوں میں بند لوگوں کو اب 20,000 روپے ماہانہ پنشن اور مفت طبی سہولت ملے گی۔

اوڈیشہ محکمہ داخلہ کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری حکم میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے کافی غور و فکر کے بعد 25جون 1975 سے لیکر 21مارچ 1977 کی مدت کے دوران میسا یا ڈی آئی آر یا ڈی آئی ایس آئی آر کے تحت اوڈیسہ کے جیلوں میں بند لوگوں کو پنشن  اور دیگر مراعات دینے کا فیصلہ کیا ہے۔آپ کو بتادیں کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے 1975 سے 1977 کے درمیان 21 ماہ کی قومی ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔ اوڈیشہ حکومت کا یہ اقدام بی جے پی کے سیاسی ایجنڈے کا بھی ایک حصہ ہے جو ایمرجنسی کی سخت ناقد رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ 2 جنوری کو اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے داخلی سلامتی ایکٹ، ڈیفنس آف انڈیا رولز یا ڈیفنس اینڈ انٹرنل سیکورٹی رولز آف انڈیا کے تحت ایمرجنسی کے دوران گرفتار اور جیل جانے والوں کو ماہانہ پنشن فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ریاستی حکومت نے کہا ہے کہ ایمرجنسی کے دوران جیل جانے والے تمام لوگوں کو ریاستی حکومت کی طرف سے دی جانے والی پنشن کی رقم حکومت خود برداشت کرے گی۔ نیز ایسے لوگوں کا علاج بھی مفت کیا جائے گا۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read